فاسٹ بولر محمد صیام نے وسیم اکرم کو اپنا آئیڈیل قرار دیا
لاہور(سپورٹس ڈیسک )قومی انڈر 19 کے بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر خیبر پختونخوا کے ضلع لوئر دیر سے تعلق رکھنے والے 17سالہ محمد صیام نے محدود سہولیات کے باوجود اپنی صلاحیتوں کے بل بوتے پر قومی سطح تک رسائی حاصل کی۔
ہرارے میں پی سی بی ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے محمد صیام نے نے کہاکہ کرکٹ سے ان کا لگاؤ سکول کے زمانے میں ہی شروع ہو گیا تھا جہاں سکول ٹرائلز کے دوران شاندار بولنگ نے انہیں ٹیم میں جگہ دلوائی اور یہی کارکردگیاں ان کے اعتماد میں اضافے کا باعث بنیں۔ ان کے استاد محمد طاہر نے ان کی صلاحیتوں کو ابتدا ہی میں پہچان لیا تھا اور انہیں کرکٹ اکیڈمی جوائن کرنے کا مشورہ دیا۔بعدازاں انہوں نے ڈی سی اے کرکٹ اکیڈمی میں شمولیت اختیار کی، جہاں کوچ اعجاز الحق نے ان کی تکنیکی اور جسمانی تربیت پر خصوصی توجہ دی۔ محمد صیام نے کہا کہ اعجاز الحق کی مسلسل رہنمائی ان کی ترقی میں نہایت اہم رہی ہے ۔ قومی ٹیم کی شرٹ پہننے پر اظہارِ مسرت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انڈر 19 سطح پر پاکستان کی نمائندگی ان کے لیے اور ان کے خاندان کے لیے باعثِ فخر ہے ۔محمد صیام نے لیجنڈری بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر وسیم اکرم کو اپنا آئیڈیل قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے نقشِ قدم پر چلنا چاہتے ہیں۔