بابر نے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میں کوہلی کا ریکارڈ توڑ دیا
بابر نے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میں کوہلی کا ریکارڈ توڑ دیا ٹی ٹونٹی کریئر کی 39 ویں ففٹی، کوہلی نے 38 نصف سنچریاں بنا رکھی تھیں
لاہور(سپورٹس ڈیسک)قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز بابر اعظم نے ٹی ٹونٹی کرکٹ میں ایک اور سنگ میل عبور کرتے ہوئے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ نصف سنچریاں بنانے کا ریکارڈ قائم کر دیا۔لاہور میں جاری تیسرے ٹی ٹونٹی میں بابر نے آسٹریلیا کے خلاف 36گیندوں پر ناقابل شکست 50رنز بنائے اور اپنے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کریئر کی39ویں نصف سنچری بنا کر بھارت کے ویرات کوہلی کو پیچھے چھوردیا۔31 سالہ بابر اعظم کا یہ 139واں میچ تھا، ان سے قبل کوہلی نے 125میچز میں 38 نصف سنچریاں بنا رکھی تھیں۔ روہت شرما اس فہرست میں 37 نصف سنچریوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں جب کہ پاکستان کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان 31نصف سنچریوں کے ساتھ چوتھے اور آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر 29نصف سنچریوں کے ساتھ پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔واضح رہے کہ بابر اعظم ٹی ٹونٹی انٹرنیشنلز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بھی ہیں۔ انہوں نے139اننگز میں 39.51 کی اوسط سے 4 ہزار 505 رنز بنائے ہیں۔