پی ایس ایل میچز بھارت میں نشر نہیں ہونگے،پی سی بی کا فیصلہ

پی ایس ایل میچز بھارت میں نشر نہیں ہونگے،پی سی بی کا فیصلہ

بھارت ریجن کے علاوہ دوسرے تمام ریجنز کیلئے حقوق فروخت کیے جائیں گے ،بھارت کے سوا دنیا بھر میں میچز براہ راست دیکھے جاسکیں گے سپر لیگ کا عالمی میڈیا رائٹس کی فروخت کے معاملے میں تاریخی ریکارڈ ،مالیت میں 149فیصد اضافہ،برانڈ ویلیو کا واضح ثبوت ،سی ای او

لاہور(سپورٹس ڈیسک)پاکستان سپر لیگ کے گیارہویں ایڈیشن کے میچز بھارت میں ٹیلی کاسٹ نہیں ہوں گے ۔ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھارت ریجن میں پی ایس ایل میچز دکھانے کے حقوق فروخت نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے تاہم دوسرے تمام ریجنز کے لیے یہ حقوق فروخت کیے جائیں گے ۔بھارتی کرکٹ شائقین اب پی سی ایل کے میچز نہیں دیکھ سکیں گے ۔واضح رہے کہ پی ایس ایل کے گیارہویں ایڈیشن کا آغاز 26 مارچ سے ہوگا اور بھارت کے سوا دنیا بھر میں یہ میچز براہ راست دیکھے جاسکیں گے ۔پی ایس ایل میں اس بار دونئی ٹیموں کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد ٹیموں کی مجموعی تعداد آٹھ ہوگئی ہے ۔ پلیئرز آکشن کی تقریب 11 فروری کو منعقد ہوگی۔دوسری طرف پاکستان سپر لیگ کے انٹرنیشنل میڈیا رائٹس کی فروخت کے معاملے میں ایک اور تاریخی ریکارڈ قائم ہو گیا۔ گزشتہ سال کے مقابلے میں انٹرنیشنل میڈیا رائٹس کی مالیت میں 149 فیصد اضافہ ہوگیا۔ ایک سال کے گلوبل میڈیا رائٹس ولی ٹیکنالوجیز کو مل گئے ۔ ولی ٹیکنالوجیز نے پی سی بی کی مقررہ ریزرو قیمت سے بھی زیادہ بولی لگائی۔ یہ اضافہ پی ایس ایل کی بڑھتی ہوئی مقبولیت اور برانڈ ویلیو کا واضح ثبوت قرار دیا جارہا ہے ۔ اس حوالے سے سی ای او پی ایس ایل سلمان نصیر کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل دنیا کی صفِ اوّل کی ٹی ٹونٹی لیگز میں اپنی جگہ مضبوط کر رہی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل میڈیا رائٹس میں 149 فیصد اضافہ پی ایس ایل پر عالمی اعتماد کا عکاسی ہے ۔ لیگ کی مسابقتی اور معیاری کرکٹ نے دنیا بھر کے شائقین کی توجہ حاصل کر لی۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں