ورلڈ کپ کیلئے کمنٹری ٹیم،براڈکاسٹ سہولیات کا اعلان
جدید براڈکاسٹ کٹس کے ساتھ 45 تک کیمرے استعمال کیے جائیں گے
لاہور (سپورٹس ڈیسک) ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کے لیے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے شاندار اور اسٹارز سے سجی کمنٹری ٹیم اور جدید براڈکاسٹ سہولیات کا اعلان کر دیا ہے ، آئی سی سی ٹی وی کی جانب سے ٹورنامنٹ کے تمام میچز کی براہِ راست کوریج کے ساتھ ساتھ پری میچ شوز، اننگز بریک پروگرامز، پوسٹ میچ تجزیے اور یومیہ ہائی لائٹس بھی نشر کی جائیں گی، تاکہ اوپننگ میچ سے فائنل تک مقابلے کی مکمل کہانی شائقین تک پہنچائی جا سکے ۔آئی سی سی ٹی وی آٹھ وینیوز پر چھ خصوصی پروڈکشن یونٹس کے ذریعے نشریات پیش کرے گا۔
جہاں جدید براڈکاسٹ کٹس کے ساتھ 45تک کیمرے استعمال کیے جائیں گے ۔ کمنٹری پینل میں کرکٹ کے نامور اور مقبول آوازوں کو شامل کیا گیا ہے ، جن میں روی شاستری، ناصر حسین، ایان سمتھ،ایان بشپ،فنچ، دنیش کارتھک، کمار سنگاکارا، سیموئل بیڈری، رابن اتھپا ، کارلوس بریتھویٹ ،مورگن، وسیم اکرم، سنیل گواسکر، میتھیو ہیڈن،رمیز راجہ ،ڈیل سٹین، وقار یونس، مائیکل آتھرٹن، شان پولاک،کیٹی مارٹن،ہرشا بھوگلے ، ڈینی موریسن، ایان وارڈ، نک نائٹ، اطہر علی خان، بازید خان،رانک کپور ،رسل آرنلڈ اور روشن ابے سنگھے شامل ہیں۔