ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ: لڑکھڑاتی قومی بیٹنگ لائن نے فتح کو گلے لگا لیا
نیدر لینڈز کا 148رنز کا ہدف 19.3اوورز میں حاصل ،114رنز پر 7وکٹیں گرنے کے بعد فہیم کے 11گیندوں پر 29رنز نے ٹیم کو فتح دلائی گروپ سی کے میچ میں ویسٹ انڈیز نے سکاٹ لینڈ کو 35 رنز سے شکست دے دی،گروپ اے کے میچ میں بھارت نے امریکا کو 29 رنز سے ہرایا
کولمبو (سپورٹس ڈیسک)ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیدرلینڈز کو شکست دے کر ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کردیا۔ کولمبو میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے 148 رنز کا ہدف 19.3 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ ایک موقع پر 114 رنز پر 7 وکٹیں گرنے کے بعد میچ مشکل دکھائی دے رہا تھا، تاہم فہیم اشرف نے ذمہ دارانہ اور جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 11 گیندوں پر 29 رنز بنا کر پاکستان کو فتح سے ہمکنار کردیا۔ صاحبزادہ فرحان نے 47 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ صائم ایوب 24 اور بابر اعظم 15 رنز بنا سکے ۔ نیدرلینڈز کی ٹیم19.5 اوورز میں 147 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔ کپتان سکاٹ ایڈورڈز نے 37 جبکہ باس ڈی لیڈ نے 30 رنز کے ساتھ مزاحمت کی۔ سلمان مرزا نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔کولکتہ کے ایڈنز گارڈن میں کھیلے گئے گروپ سی کے میچ میں ویسٹ انڈیز نے سکاٹ لینڈ کو 35 رنز سے شکست دے دی۔
سکاٹ لینڈ کی ٹیم روماریو شیفرڈ کی شاندار ہیٹ ٹرک کی بدولت 183 رنز کے تعاقب میں 147 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔سکاٹ لینڈ کی جانب سے کپتان رچی بیرنگٹن 42 رنز بنا کر نمایاں رہے ۔ روماریو شیفرڈ نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔ اس سے قبل سکاٹ لینڈ کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے ۔ شمرون ہٹمایر 64 رنز بناکر نمایاں رہے ۔ ممبئی سٹیڈیم میں گروپ اے کے میچ میں بھارت نے امریکا کو با آسانی 29 رنز سے شکست دے دی۔ بھارت کے 162 رنز کے ہدف کے تعاقب میں یو ایس اے کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر 132 رنز بناسکی۔ 77 کے مجموعی سکور پر 6 وکٹیں گرنے کے باوجود بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو نے جارحانہ اننگز کھیلی اور 49 گیندوں پر 84 رنز بناکر ناقابل شکست رہے ۔ شیڈلے وین نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔