آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں سری لنکا کی دوسری فتح
اٹلی کی نیپال کو 10 وکٹوں سے شکست ،بھارت نے نمیبیا کو 93 رنز سے ہرا دیا
پالے کیلی (سپورٹس ڈیسک)ٹی 20 ورلڈ کپ میں سری لنکا نے عمان کو 105 رنز کے واضح مارجن سے شکست دے کر مسلسل دوسری فتح سمیٹ لی ۔ اٹلی نے نیپال کو 10وکٹوں سے شکست دے دی۔بھارت نے نمیبیا کو 93 رنز سے ہرا دیا۔ عمان کی ٹیم 226 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مقررہ 20اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 120 رنز بناسکی۔ پاون رتھنائکے کو عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ کوشل مینڈس 61،پاون رتھنائکے 60 اور کپتان داسن شاناکا 50 رنز بنا کر نمایاں رہے ۔
سترہویں میچ میں اٹلی نے موسکا برادرز کی ناقابل شکست دھواں دار شراکت سے نیپال کو 10 وکٹوں سے شکست دے دی۔ اٹلی نے 124 رنز کا ہدف باآسانی 12.4 اوورز میں حاصل کرلیا۔آسٹریلوی نژاد اطالوی کھلاڑی اینتھونی موسکا 62 اور جسٹن موسکا 60 رنز بناکر ناقابل شکست رہے ۔اس سے قبل اٹلی نے ٹاس جیت کر نیپال کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تھی۔نیپال کی ٹیم 19.3 اوورز میں 123 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی تھی۔ گروپ اے کے 8ویں میچ میں دہلی سٹیڈیم میں بھارت نے نمیبیا کو 93 رنز سے شکست دے دی، انڈیا کے 210 رنز ہدف کے جواب میں نمیبیا کی ٹیم 116 رنز تک محدود رہی۔نمیبیا کے 6 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہیں ہوسکے ۔ ایشان کشن 61 جبکہ پانڈیا 52 رنز بناکر نمایاں بلے باز رہے ۔