سرمائی اولمپک گیمز:نارویجین اتھلیٹ کا بے وفائی کا اعتراف
لاہور(سپورٹس ڈیسک )سرمائی اولمپک گیمز میں ناروے کے 28 سالہ اتھلیٹ اسٹرولا ہولم لیگرائڈ نے گرل فرینڈ سے بے وفائی کا اعتراف کر لیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اتھلیٹ نے مردوں کی 20 کلو میٹر انفرادی ریس میں کانسی کا تمغہ جیتنے کے بعد لائیو انٹرویو دیتے ہوئے بے وفائی کا اعتراف کرتے ہوئے اسے اپنی زندگی کی سب سے بڑی غلطی قرار دیا۔ اسٹرولا ہولم لیگرائڈ نے کہا کہ اپنی 6 ماہ پرانی گرل فرینڈ کو حقیقت بتانے کے بعد سے یہ ان کی زندگی کا بدترین ہفتہ رہا ہے ۔ ایک شخص ہے جس کے ساتھ میں یہ جیت شیئر کرنا چاہتا تھا، لیکن شاید وہ یہ نہیں دیکھ رہی، 6 ماہ قبل میں اپنی محبت سے ملا، جو دنیا کی سب سے خوبصورت اور مہربان انسان ہے لیکن 3 ماہ پہلے میں نے اپنی سب سے بڑی غلطی کی اور اسے دھوکا دیا۔ وہ میرے لیے سونے کے تمغے کی مانند تھی، لیکن میں نے اسے دھوکا دیا، پچھلے چند دنوں میں کھیل دوسرے نمبر پر رہا، کاش میں یہ کامیابی اس کے ساتھ بانٹ سکتا۔ اس مسئلے کو حل کرنے کا واحد طریقہ یہی تھا کہ میں سب کچھ سچ سچ بتا دوں اور امید کروں کہ وہ مجھے معاف کر دے ، میرے پاس کھونے کو اب کچھ نہیں ہے ۔