پنک گیمز:لاہور 4ایونٹس کا چیمپئن، میڈل ٹیبل پر بھی سرفہرست
فیصل آباد 25میڈلز کے ساتھ دوسرے ،ملتان 15میڈلز کے ساتھ تیسرے نمبر پر
لاہور(دی رپورٹر) خواتین کے سب سے بڑے سپورٹس ایونٹ ‘‘کھیلتا پنجاب پنک گیمز’’ کے مقابلے چوتھے روز بھی جاری رہے ۔ لاہور ڈویژن نے ہاکی، باسکٹ بال، باکسنگ اور ووشو ایونٹس میں میدان مار لیا، جبکہ بہاولپور نے رگبی اور فیصل آباد نے والی بال کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔ میڈل ٹیبل پر لاہور ڈویژن 35 میڈلز کے ساتھ پہلے ، فیصل آباد 25 میڈلز کے ساتھ دوسرے اور ملتان 15 میڈلز کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے ۔سپورٹس ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے زیراہتمام جاری ایونٹ کی اختتامی تقریب آج ہوگی، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب خضر افضال چودھری نے رسہ کشی اور کرکٹ ٹیپ بال ایونٹس میں کامیاب ٹیموں میں انعامات تقسیم کیے ۔نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں ہاکی فائنل میں لاہور ڈویژن نے بہاولپور کو 5-0 سے شکست دی۔ رگبی فائنل میں بہاولپور نے لاہور کو 12-5 سے ہرا کر ٹائٹل جیت لیا۔ باسکٹ بال فائنل میں لاہور نے بہاولپور کو 37-5 کے بڑے مارجن سے شکست دی۔
والی بال فائنل میں فیصل آباد نے ملتان کو 2-0 سے ہرایا۔سائیکلنگ کے 500 میٹر انفرادی ٹائم ٹرائل میں معطر مبشر نے پہلی، طیبہ اختر نے دوسری اور کارل پطرس نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ 200 میٹر اسپرنٹ میں معطر مبشر پہلی، کارل پطرس دوسری اور نور فتیوا تیسری رہیں۔ کرن ریس میں معطر مبشر پہلے ، کارل پطرس دوسرے اور عروج النساء تیسرے نمبر پر رہیں، جبکہ ایلیمینیشن ریس میں کارل پطرس نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ووشو ایونٹ میں لاہور نے آٹھ میں سے سات مقابلے جیت لیے ، جبکہ فیصل آباد نے تائی چی میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ باکسنگ میں لاہور نے 48، 54 اور 70 کلوگرام ویٹ کیٹیگریز میں کامیابی حاصل کی، ملتان نے 57 اور 75 کلوگرام جبکہ گوجرانوالہ، سرگودھا اور فیصل آباد نے 51، 60 اور 65 کلوگرام کیٹیگریز میں میدان مارا۔ کرکٹ ٹیپ بال کے فائنل میں کنیئرڈ کالج نے پنجاب یونیورسٹی کو شکست دی۔