ورلڈکپ ٹونٹی 20:نیپال کو شکست ویسٹ انڈیز بھی سپرایٹ مرحلے میں داخل

ورلڈکپ ٹونٹی 20:نیپال کو شکست ویسٹ انڈیز بھی سپرایٹ مرحلے میں داخل

نیپال نے 8وکٹوں پر 133رنز بنائے ،ویسٹ انڈیز نے ہدف 16ویں اوور میں ایک وکٹ پر پورا کرلیا،شائے ہوپ کے 61رنز چنئی میں کھیلے گئے میچ میں 200 رنز کے تعاقب میں نمیبیا کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بناسکی

ممبئی،چنئی (سپورٹس ڈیسک)آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے گروپ میچ میں ویسٹ انڈیز نے یکطرفہ مقابلے کے بعد نیپال کو 9 وکٹوں سے شکست دیدی۔ امریکا نے نمیبیا کو 31 رنز سے ہرا دیا۔بھارت کے شہر ممبئی میں کھیلے گئے میچ میں نیپال نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 133 رنز بنائے ۔ویسٹ انڈیز نے نیپال کی جانب سے دیا گیا 134 رنز کا ہدف 16ویں اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کرلیا۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیسن ہولڈر نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ بیٹنگ میں شائے ہوپ نے 61 اور شمرون ہٹمیئر نے 46 رنز کی اننگز کھیلی۔ویسٹ انڈیز کی ٹیم ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے سپر ایٹ مرحلے میں پہنچنے والی دوسری ٹیم بن گئی ہے ۔

اس سے قبل جنوبی افریقا کی ٹیم بھی 3 میچز جیت کر سپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کر چکی ہے ۔ 26 ویں میچ میں امریکا نے نمیبیا کو 31 رنز سے شکست دے دی۔ چنئی میں کھیلے گئے میچ میں 200 رنز کے تعاقب میں نمیبیا کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بناسکی۔نمیبیا کی طرف سے لورین سٹینکمپ 58 رنز کے ساتھ نمایاں رہے ۔قبل ازیں امریکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنائے ۔موناک پٹیل 52 اور سنجے کرشنامورتھی ناقابل شکست 68 رنز بناکر نمایاں رہے ۔ شایان جہانگیر نے 22، سائی تیجا موکالما 17 میلیند کمار نے 28 رنز بنائے ۔ شبھم رانجنے 5 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے ۔نمیبیا کی طرف سے ویلم مائی برگ اور گیرہارڈ ایراسمس نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں