ورلڈ کپ:زمبابوے نے سرٰ لنکا کو6وکٹوں سے شکست دیدی
سری لنکا نے 20اوورز میں 7وکٹوں پر 178رنز بنائے ،جواب میں زمبابوے نے ہدف آخری اوور میں 4وکٹوں پر حاصل کرلیا ویسٹ انڈیز نے 20اوورز میں 6وکٹوں پر 165رنز بنائے ،اٹلی کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں 123رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی
کولمبو ،کولکتہ(سپورٹس ڈیسک)ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے اڑتیسویں میچ میں زمبابوے نے سری لنکا کو 6 وکٹوں سے باآسانی شکست دے دی، ویسٹ انڈیز نے اٹلی کو 42 رنز سے ہرا دیا۔کولمبو میں کھیلے گئے گروپ بی کے مقابلے میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔سری لنکا نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 178 رنز بنائے ۔پاتھن نسنکا 62 اور راتھ نائکے 44 رنز کے ساتھ نمایاں رہے ۔جواب میں زمبابوے نے سری لنکا کا 179 رنز کا ہدف با آسانی آخری اوور میں 4وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔زمبابوے کی جانب سے برائن بیننٹ 63رنز بناکر ناقابل شکست رہے ۔ا س کے علاوہ مارومانی 34، ریان برل 23، کپتان سکندر رضا نے 45رنز بنائے ۔
یوں زمبابوے کی ٹیم نے اپنے گروپ میں ناقابل شکست رہتے ہوئے 7پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ کیا۔زمبابوے نے 4میں سے 3میچز جیتے آسٹریلیا اور سری لنکا کو شکست دی جبکہ ایک میچ بارش کی نذر ہوگیا۔سینتیسویں میچ میں ویسٹ انڈیز نے اٹلی کو 42 رنز سے شکست دے دی۔کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں کھیلے جارہے میچ میں اٹلی کی ٹیم 166 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 123 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔اٹلی کی جانب سے بین مانینتی 26 اور جے جے اسمٹس 24 رنز بناکر نمایاں رہے ۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے شمار جوزف نے 4، میتھیو فورڈ نے 3، گوداکیش موتی نے 2 جبکہ عقیل حسین نے ایک وکٹ حاصل کی۔شمار جوزف نے 4 کیچز بھی پکڑے ، اس طرح وہ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ میں 4 وکٹیں حاصل کرنے اور 4 کیچز پکڑنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔اس سے قبل ویسٹ انڈیز نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز بنائے تھے ۔