نیٹ میٹرنگ کی 8 فروری تک جمع درخواستیں پرانے قواعد کے تحت نمٹانے کی ہدایت
تمام تقسیم کار کمپنیاں ، کے الیکٹرک فوری عملدرآمد یقینی بنائیں،شکایت کیلئے 118پر رجوع کریں :وزیر توانائی 5165نیٹ میٹرنگ درخواستوں سے مجموعی طور پر 250میگاواٹ سے زائدبجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہوگی
اسلام آباد (نامہ نگار) وفاقی وزیر پاور ڈویژن سردار اویس لغاری نے نیٹ میٹرنگ درخواستوں سے متعلق اہم فیصلہ کرتے ہوئے 8 فروری تک جمع شدہ درخواستوں کو پرانے ریگولیشنز کے تحت پراسس کرنے کے احکامات جاری کر دئیے ہیں۔ جاری بیان کے مطابق 8 فروری تک موصول ہونے والی درخواستوں کو بجلی کی تمام تقسیم کار کمپنیوں بشمول کے الیکٹرک میں نیٹ میٹرنگ کی سہولت میسر ہوگی۔ تمام تقسیم کار کمپنیوں کو فوری عمل درآمد کی ہدایت کر دی گئی ہے۔
اس وقت تمام تقسیم کار کمپنیوں، بشمول کے الیکٹرک میں 8 فروری تک کل 5165 درخواستیں جمع ہیں۔ ان درخواستوں کے تحت مجموعی طور پر 250.822 میگاواٹ استعداد نیشنل گرڈ میں شامل ہو جائے گی۔ وفاقی وزیر توانائی کے اس فیصلے سے موجودہ درخواستوں سے متعلق ابہام ختم ہو گیا ہے ۔وفاقی وزیر نے درخواستوں کے پراسس میں شفافیت برقرار رکھنے کی ہدایت دیتے ہوئے صارفین سے کہا کہ کسی بھی شکایت کی صورت میں 118 پر رجوع کریں۔