بھارت کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات کم :محمد عامر
جنوبی افریقا اور ویسٹ انڈیز کسی بھی ٹیم کو شکست دے سکتے ہیں،سابق پیسر
لاہور(سپورٹس ڈیسک)پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بالر محمد عامر نے کہا کہ بھارت کی موجودہ کارکردگی کو دیکھتے ہوئے کہہ سکتا ہوں کہ بھارت کے ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات کم ہیں۔ایک انٹرویومیں انہوں نے بھارتی بیٹنگ لائن کو ٹورنامنٹ میں آگے بڑھنے کی راہ میں بڑی رکاوٹ قرار دے دیا۔محمد عامر نے کہاکہ جنوبی افریقا اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں سْپر 8 مرحلے میں کامیاب ہونے کے بعد سیمی فائنل میں اپنی جگہ بنالیں گی۔فاسٹ بالر نے کہاکہ اگر آپ پاکستان کے خلاف میچ کے علاوہ بھارت کے دیگر مقابلے دیکھ لیں تو ان کی بیٹنگ لائن بکھر جاتی ہے۔
بیٹنگ کی اس کمزوری کے باعث بھارتی ٹیم پر سْپر 8 مرحلے میں دباؤ مزید بڑھ جائے گا۔انہوں نے کہا کہ جس انداز میں جنوبی افریقا اور ویسٹ انڈیز کھیل رہے ہیں، وہ اپنے راستے میں آنے والی کسی بھی ٹیم کو شکست دے سکتے ہیں۔ویسٹ انڈیز کی بالنگ لائن کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گڈاکیش موتی، عقیل حسین، جیسن ہولڈر اور شمر جوزف مضبوط اٹیک کے ساتھ کسی بھی بیٹنگ لائن کو مشکل میں ڈال سکتے ہیں۔ جنوبی افریقا کی فاسٹ بالنگ مکمل ہے ، سپن اٹیک مکمل ہے اور بیٹنگ فارم میں ہے ۔