ورلڈ کپ کوالیفائر راؤنڈ، قومی ہاکی ٹیم کی تیسری فتح
ورلڈ کپ کوالیفائر راؤنڈ، قومی ہاکی ٹیم کی تیسری فتح پاکستان آسٹریا کو شکست دیکر ورلڈ کپ سے صرف ایک قدم کی دوری پر
اسماعیلہ (سپورٹس ڈیسک)پاکستان نے آسٹریا کو شکست دیکر ورلڈ کپ ہاکی کوالیفائر میں مسلسل تیسری کامیابی حاصل کرلی۔سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرنے والی پاکستان ٹیم ورلڈ کپ سے صرف ایک قدم کی دوری پر ہے ۔جمعہ کو ہونے والے سیمی فائنل میں کامیابی پاکستان ٹیم کو سیدھا ورلڈ کپ کا ٹکٹ دلا دے گی، پاکستان کے پاس 8 سال بعد ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کرنے کا سنہری موقع ہے ۔مصر کے شہر اسماعیلہ میں جاری ورلڈ کپ کوالیفائر میں پاکستان نے آسٹریا کو شکست دے کر کامیابی کی ہیٹ ٹریک کرلی۔ کوالیفائر راؤنڈ کے تیسرے میچ میں پاکستان نے آسٹریا کو دو کے مقابلے میں چار گول سے شکست دیدی۔پاکستان کی جانب سے ابوبکر محمود نے دو،افراز محمد سفیان خان نے ایک ایک گول سکور کیا۔ جبکہ آسٹریا کی جانب سے کیلنر اور سکوولز نے ایک ایک گول سکور کیا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین وانی, ایڈھاک گورننس اینڈ منیجمنٹ چیئرمینز اولمپین اصلاح الدین صدیقی ، اولمپین حسن سردار، چیف سلیکٹر سمیع اللہ خان نے ورلڈ کپ کوالیفائر راؤنڈ کی ناقابل شکست کامیابی پر قومی ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔