بنگلہ دیش کا پاکستان کیخلاف ون ڈے سیریز کیلئے سکواڈ کا اعلان
15رکنی سکواڈمیں وکٹ کیپر بیٹر لٹن داس اور آل راؤنڈر عفیف حسین کی واپسی فاسٹ باؤلرز ناہید رانا اور شریف الاسلام کو بھی دوبارہ ٹیم میں شامل کرلیاگیا
میرپور(سپورٹس ڈیسک ) بنگلا دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے پاکستان کے خلاف 11 سے 15 مارچ تک شیڈول تین میچوں کی ہوم ون ڈے سیریز کیلئے 15 رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے ۔سکواڈ میں تجربہ کار وکٹ کیپر بیٹر لٹن داس اور آل راؤنڈر عفیف حسین کی واپسی ہوئی ہے جبکہ فاسٹ باؤلرز ناہید رانا اور شریف الاسلام بھی دوبارہ ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے ہیں۔ دوسری جانب نور الحسن، ذاکر علی، شمیم حسین، حسن محمود، تنظیم حسن اور نسوم احمد کو سکواڈ سے باہر کر دیا گیا ہے ۔عفیف حسین نے اپنا آخری ون ڈے دسمبر 2024 میں کھیلا تھا، جبکہ لٹن داس جولائی 2025 کے بعد پہلی بار ون ڈے فارمیٹ میں نظر آئیں گے ۔ چیف سلیکٹر نے کہا کہ اگرچہ لٹن داس کی حالیہ کارکردگی بہترین نہیں رہی، لیکن ان کے پاس تقریباً 100 بین الاقوامی میچوں کا تجربہ ہے جسے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ ہمیں امید ہے کہ وہ جلد اپنی بہترین فارم میں واپس آئیں گے ، ہم انہیں مڈل آرڈر کو مضبوط کرنے کے لیے ایک آپشن کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ سومیہ سرکار اس وقت بہترین فارم میں ہیں۔واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کل بنگلا دیش پہنچے گی۔ سیریز کے تینوں میچز 11، 13 اور 15 مارچ کو شیر بنگلہ نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم، میرپور میں کھیلے جائیں گے ۔