متنازعہ ٹویٹ، قومی فاسٹ بولر نسیم شاہ کو 2 کروڑ جرمانہ

متنازعہ ٹویٹ، قومی فاسٹ بولر نسیم شاہ کو 2 کروڑ جرمانہ

کنٹریکٹ کی خلاف ورزی ہوئی:ڈسپلنری کمیٹی، پوسٹ میرے خیالات کی عکاس نہیں:نسیم شاہ سکیورٹی کی خلاف ورزی پر لاہور قلندرز کا اپنے کپتان شاہین آفریدی پر 10 لاکھ روپے جرمانہ

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک )پاکستان کرکٹ بورڈ نے متنازعہ ٹویٹ پر فاسٹ بولر نسیم شاہ پر 2 کروڑ روپے کا جرمانہ عائد کردیا ہے ۔پی سی بی کے مطابق نسیم شاہ پر پی سی بی کے سینٹرل کنٹریکٹ کی خلاف ورزی پر جرمانہ عائد کیا گیا ہے ۔پی سی بی نے 27 مارچ 2026 کو ایک شوکاز نوٹس جاری کیا تھا، جس میں خلاف ورزیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے نسیم شاہ سے وضاحت طلب کی گئی تھی۔نسیم شاہ کا جواب موصول ہونے اور اس کا جائزہ لینے کے بعد تین رکنی ڈسپلنری کمیٹی نے کیس کی سماعت کی۔ نسیم شاہ کے مؤقف کا جائزہ لینے کے بعد کمیٹی نے فیصلہ دیا کہ غیر مشروط معافی کو مدنظر رکھتے ہوئے بھی نسیم شاہ سینٹرل کنٹریکٹ کی متعدد شقوں کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے ہیں، ان پر 2 کروڑ روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

پی سی بی کے مطابق نسیم شاہ نے اپنے سوشل میڈیا ایڈوائزر کو پہلے ہی برطرف کر دیا ہے جبکہ پی سی بی بھی اس ایڈوائزر کو بلیک لسٹ کرے گا تاکہ وہ آئندہ پی سی بی کے دائرہ اختیار میں آنے والے کسی بھی کھلاڑی کے ساتھ کام نہ کرسکے ۔پی سی بی نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ پیشہ ورانہ معیار، معاہدوں کی پاسداری اور کھیل کی ساکھ کو برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے ۔واضح رہے نسیم شاہ نے وزیر اعلی ٰپنجاب کے حوالے سے ٹویٹ کی تھی ۔دوسری طرف نسیم شاہ نے متنازعہ ٹویٹ کے معاملے پر بیان جاری کردیا۔ سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں نسیم شاہ کا کہنا تھا کہ میرے اکاؤنٹ سے کی گئی پوسٹ میری مینجمنٹ ٹیم کی جانب سے کی گئی تھی، وہ پوسٹ میرے خیالات کی عکاسی نہیں کرتی۔نسیم شاہ نے کہا کہ میں اپنے پلیٹ فارم کی مکمل ذمہ داری قبول کرتا ہوں، آئندہ ایسا نہ ہو اس کے لیے درکار ضروری تبدیلیاں کی جاچکی ہیں۔

فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ میں پلیٹ فارم کے غلط استعمال سے متاثر ہونے والے تمام افراد سے دلی معذرت کرتا ہوں۔علاوہ ازیں سپر لیگ فرنچائز لاہور قلندرز نے اپنے ہی کپتان پر 10 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کردیا۔لاہور قلندرز کے اعلامیے کے مطابق سکیورٹی کی خلاف ورزی پر ایکشن لیا گیا ہے اور شاہین آفریدی پر 10 لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا گیا۔لاہور قلندرز نے سکیورٹی کی خلاف ورزی کے معاملے پر لیے گئے اپنے فیصلے سے پی سی بی کو آگاہ کردیا ہے ۔اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ فرنچائز نے معاملے کی اندرونی طور پر مکمل تحقیقات کی، ہوٹل میں واقعہ پیش آیا تھا اسے بڑھا چڑھا کر اور حقائق سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔ معاملہ کسی دانستہ خلاف ورزی کے بجائے ایک غلط فہمی کا نتیجہ تھا، یہ کارروائی احتساب اور ڈسپلن کو مدنظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے ۔لاہور قلندرز سکیورٹی پروٹوکولز کا احترام کرتی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں