سپر لیگ گیند کیساتھ گڑبڑ فخرزمان پر پابندی کا امکان
کیس کی دوسری سماعت میچ ریفری روشن ماہناما نے کی، کرکٹر کی تردید، الزام ثابت ہونے پر ایک،دو میچز کی پابندی ہو سکتی ہے ،ذرائع معاملے کی مکمل معلومات نہیں،ٹیم ویڈیو دیکھنے کے بعد اس پر بات کرے گی، امپائرز کا فیصلہ قبول کرنے کے سوا کوئی چارہ نہ تھا،شاہین
لاہور(سپورٹس ڈیسک)پی ایس ایل کے چھٹے میچ میں کراچی کنگز کے خلاف بال سے چھیڑ چھاڑ کرنے پر لاہور قلندرز کے فخر زمان کے خلاف کیس کی دوسری سماعت مکمل کرلی گئی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ میچ ریفری روشن ماہناما نے کیس کی سماعت کی، فخر زمان کا مؤقف سننے کے بعد اب میچ ریفری فیصلے سے آگاہ کریں گے ۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق فخر زمان نے میچ ریفری روشن مہاناما کی زیر صدارت ہونے والی سماعت میں اپنے اوپر لگائے گئے الزامات کی تردید کی ہے ۔ اس سے قبل فخر زمان کو لیول تھری افینس کے تحت چارج کیا گیا تھا، پہلی سماعت میں فخر زمان نے الزامات تسلیم کرنے سے انکار کیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فخر زمان کو الزام ثابت ہونے پر ایک سے دو میچز کی پابندی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے لاہور قلندرز کے کپتان اور قومی فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ انہیں اس معاملے کی مکمل معلومات نہیں اور ٹیم ویڈیو دیکھنے کے بعد اس پر بات کرے گی،انہوں نے مزید کہا کہ امپائرز کے فیصلے کے بعد ٹیم کے پاس اسے قبول کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں تھا۔یہ تنازع اس وقت سامنے آیا جب اتوار کے روز لاہور میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ 11 کے چھٹے میچ میں لاہور قلندرز کو کراچی کنگز کے خلاف میچ کے دوران بال ٹیمپرنگ کے الزام پر جرمانے کا سامنا کرنا پڑا۔رپورٹ کے مطابق میچ کے آخری اوور سے قبل جب کراچی کنگز کو جیت کے لیے 14 رنز درکار تھے ، امپائرز نے قومی کرکٹر فخر زمان کو گیند کی حالت غیر منصفانہ طریقے سے تبدیل کرنے کا مرتکب قرار دیتے ہوئے کراچی کنگز کو پانچ پنالٹی رنز دے دیے تھے ۔ تاہم فخر زمان نے اس الزام کی سختی سے تردید کی۔