سنر کی بغیر سیٹ ہارے میامی اوپن میں تاریخی ٹائٹل فتح
سنر کی بغیر سیٹ ہارے میامی اوپن میں تاریخی ٹائٹل فتح جمہوریہ چیک کے جیری کو ہرا کر ٹینس کا معروف اعزاز سن شائن ڈبل مکمل کیا
فلوریڈا (سپورٹس ڈیسک)اٹلی کے ٹینس سٹار اور ایونٹ کے سیکنڈ سیڈڈ جینک سنر نے اپنی شاندار کارکردگی کی بدولت اے ٹی پی میامی اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا۔ 24 سالہ جینک سنر نے مینز سنگلز کے فائنل میچ میں حریف جمہوریہ چیک کے جیری لیہچکا کو سٹریٹ سیٹس میں شکست دے کر انڈین ویلز ماسٹرز اور میامی اوپن دونوں جیت کر ٹینس کی دنیا کا معروف اعزاز سن شائن ڈبل بھی مکمل کر لیا۔ اس سے قبل انہوں نے ٹورنامنٹ کے دوران اے ٹی پی ماسٹرز 1000 مقابلوں میں لگاتار 30 سیٹس جیتنے کا نیا ریکارڈ بھی قائم کیا تھا،جو سربین ٹینس سٹار نووک جوکووچ کے پاس تھا۔ فائنل میچ میں اٹلی کے ٹینس سٹار جینک سنر نے انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف جمہوریہ چیک کے جیری لیہچکا کو سٹریٹ سیٹس میں 4-6 اور 4-6سے شکست دے کر ٹورنامنٹ جیت لیا۔چار مرتبہ کے گرینڈ سلام ٹائٹلز جیتنے والے جینک سنر 2024کے میامی اوپن چیمپئن بھی رہ چکے ہیں ۔ فائنل کے دوران بارش کے باعث دو مرتبہ کھیل روکنا پڑا، تاہم جینک سنر کی توجہ اور فارم متاثر نہ ہوئی۔