سپر لیگ کا پہلا مرحلہ اختتام پذیر،سلطانز کی پہلی پوزیشن
دوسرے مرحلے کا آغاز آج کراچی میں ہو گا، واحد میچ حیدر آباد کنگز مین اور زلمی کے مابین کھیلا جائیگا جو رات 7بجے شروع ہو گا کراچی کنگز کا دوسرا جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ کا تیسرا نمبر رہا ، راولپنڈیز اور حیدرآباد کنگزمین کی ٹیمیں تمام میچوں میں ناکام رہیں
لاہور(سپورٹس ڈیسک)پاکستان سپر لیگ کا پہلا مرحلہ اختتام پذیر ہوگیا ،دوسرے مرحلے کا آغاز آج کراچی میں ہو گا، آج واحد میچ حیدر آباد کنگز مین اور پشاور زلمی کے مابین کھیلا جائے گا۔دونوں ٹیمیں نیشنل سٹیڈیم کراچی میں مدمقابل ہوں گی۔ میچ رات 7 بجے شروع ہو گا اور فلڈ لائٹس کی روشنی میں کھیلا جائے گا۔پہلے مرحلے میں ملتان سلطانز کی پہلی پوزیشن برقرار ہے ۔ واضح رہے کہ پی ایس ایل 11 کے پہلے مرحلے میں 14 میچز کھیلے گئے ، جس میں ملتان سلطانز نے 5 میچز کھیلے اور 4 میچز میں کامیاب سمیٹی جبکہ ایک میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔پوائنٹس ٹیبل پر کراچی کنگز کا دوسرا نمبر ہے ، کراچی کنگز نے پہلے مرحلے میں 3 میچز کھیلے اور تینوں میچز جیتں ے میں کامیاب رہی، اسلام آباد یونائیٹڈ کا تیسرا نمبر برقرار ہے ، اسلام آباد نے اب تک 4 میچز کھیلے جن میں اسلام آباد تین میچز جیتنے میں کامیاب رہی اور ایک میچ بارش کی نذر ہوگیا۔ لاہور قلندرز کا پوائنٹس ٹیبل پر چوتھا نمبر ہے ، لاہور قلندرز نے 3 میچز کھیلے جن میں 2 میچز میں کامیاب رہی اور ایک میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، اسی کے ساتھ پشاور زلمی کا پوائنٹس ٹیبل پر پانچواں نمبر ہے ، پشاور نے 2 میچ کھیلے اور دونوں میچ جیتنے میں کامیاب رہی۔اس کے علاوہ کوئٹہ گلیڈی ایٹر نے 4 میچ کھیلے جس میں سے صرف ایک میں کامیاب رہی اور 3 میچز میں شکست سے دوچار رہی، اور پوائنٹس ٹیبل پر چھٹے نمبر پر برقرار ہے ، مزید براں راولپنڈیز نے 4 میچز کھیلے اور چاروں میں ناکام رہی جبکہ حیدرآباد کنگزمین نے 3 میچز کھیلے اور تینوں میچز میں ناکام رہی۔