لاس اینجلس اولمپکس کیلئے کرکٹ سٹیڈیم کی تعمیر کا آغاز
کرکٹ کی اولمپکس میں شمولیت کھیل کے نئے دور کا آغاز ہے ،آئی سی سی
لاہور (سپورٹس ڈیسک)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے لاس اینجلس اولمپکس 2028 کے لئے کرکٹ سٹیڈیم کی تعمیر کے آغاز کو ایک تاریخی پیش رفت قرار دیا ہے ، جس سے 128 سال بعد اولمپکس میں کرکٹ کی واپسی کی راہ ہموار ہو رہی ہے ۔ آئی سی سی ترجمان کے مطابق یہ سٹیڈیم امریکی ریاست کیلیفورنیا کے علاقے پومونا میں فیئرپلیکس گراؤنڈز پر تعمیر کیا جا رہا ہے ، جہاں باقاعدہ سنگ بنیاد کی تقریب منعقد ہوئی۔آئی سی سی کے چیئرمین جے شاہ نے اس موقع کو کرکٹ کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ کھیل تیزی سے عالمی سطح پر اپنی جگہ بنا رہا ہے اور اولمپکس کا حصہ بننا دنیا بھر کے شائقین کے لیے باعث فخر ہے ۔ ان کے مطابق یہ نیا سٹیڈیم اولمپکس کے دوران مرکزی حیثیت اختیار کرے گا اور امریکہ میں کرکٹ کے فروغ کے لیے دیرپا اثرات چھوڑے گا۔ آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو سنجوگ گپتا نے کہا کہ کرکٹ کی اولمپکس میں شمولیت کھیل کے عالمی پھیلاؤ کے لیے ایک نئے دور کا آغاز ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ دو سالوں میں اس منصوبے سے جڑے مزید اہم مراحل طے ہوں گے جو کرکٹ کو نئی بلندیوں تک لے جائیں گے ۔