یوئیفا انڈر 16 ٹورنامنٹ،روس نے پاکستان کو ہرا دیا
یوئیفا انڈر 16 ٹورنامنٹ،روس نے پاکستان کو ہرا دیا قومی ٹیم کو1کے مقابلے 2گول سے شکست،آخری میچ آذربائیجان کیخلاف
شمکینت(نیٹ نیوز)یوئیفا انڈر 16 ڈویلپمنٹ ٹورنامنٹ میں پاکستانی ٹیم نے روس کے خلاف عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا، اگرچہ پاکستانی ٹیم کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، لیکن پاکستانی کھلاڑیوں نے روسی ٹیم کے خلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ قازقستان کے شہر شمکینت میں کھیلے جانے والے میچ میں روس نے ساتویں منٹ میں الیگزینڈر براگینیٹس کے گول کے ذریعے برتری حاصل کی،دوسرے ہاف میں دانش مسیح کے ہیڈر کے بعد گیند شہراز خان تک پہنچی۔ جنہوں نے گول کرکے میچ برابر کر دیا۔ تاہم 72ویں منٹ میں پاکستانی مڈفیلڈر عیسیٰ کو دوسرا یلو کارڈ مل گیا اور وہ گراؤنڈ سے باہر کر دئیے گئے ۔ ان کے جانے کے بعد میکیسم نے فیصلہ کن گول کرکے روس کو 2-1 کی فتح دلوا دی۔ پاکستانی ٹیم ایونٹ میں اپنا آخری میچ آذربائیجان کے خلاف کھیلے گی۔