ایشین بیچ گیمز،قومی ریسلرز نے بھارتی حریفوں کو چت کیا
انعام بٹ اور اسدﷲ اپنی تمام گروپ فائٹس جیت کر فائنل میں پہنچ گئے
اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر)ایشین بیچ گیمز میں پاکستانی پہلوانوں نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک کا نام روشن کر دیا۔ انعام بٹ اور اسدﷲ نے بھارتی حریفوں کو چت کیا اور اپنی تمام گروپ فائٹس جیت کر فائنل میں پہنچ گئے ۔عبداﷲ برانز میڈل کیلئے مقابلہ کریں گے ۔ ریسلر اسدﷲ 80 کلوگرام کیٹیگری میں بھارتی اور چینی پہلوان کو شکست دیکر فائنل میں پہنچ گئے ۔ چین میں جاری ریسلنگ کے مقابلوں میں اسد اللہ نے کوارٹر فائنل میں روایتی حریف بھارتی پہلوان کو 2-3سے زیر کیا جبکہ سیمی فائنل میں چین کے پہلوان کو شکست دے کر فیصلہ کن معرکے میں جگہ بنائی، دوسری جانب مایہ ناز قومی ہیرو انعام بٹ پہلوان بھی 90 کلوگرام کیٹیگری کے فائنل میں پہنچ گئے ۔ انہوں نے بھی بھارتی حریف کو شکست دی اور سیمی فائنل میں منگولیا کے پہلوان کو ہرا کر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔ پاکستانی ریسلر محمد عبداللہ نے 70 کلوگرام کیٹیگری میں برانز میڈل کے مقابلے کیلئے کوالیفائی کر لیا ہے ۔