انڈر 18اور سینئر ہاکی ٹیم کے ٹرائلز کے شیڈول کا اعلان
انڈر 18اور سینئر ہاکی ٹیم کے ٹرائلز کے شیڈول کا اعلان ایشیا کپ اور ایف آئی ایچ پرو لیگ کے لیے ٹرائلز رواں ماہ مئی میں ہونگے
لاہور (سپورٹس ڈیسک)پاکستان ہاکی فیڈریشن نے انڈر 18 ایشیا کپ اور ایف آئی ایچ پرو لیگ کی تیاریوں کے سلسلے میں قومی جونیئر اور سینئر ٹیموں کے انتخاب کے لیے ٹرائلز کے شیڈول کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے ۔ انڈر 18 ایشیا کپ اور ایف آئی ایچ پرو لیگ کی تیاریوں کے لیے ٹرائلز رواں ماہ مئی میں ہوں گے ۔یہ فیصلہ پی ایچ ایف کی پروفیشنل ڈویلپمنٹ کمیٹی، نیشنل سلیکشن کمیٹی اور ہیڈ کوچز کی باہمی مشاورت اور صدر پی ایچ ایف کی ہدایت اور منظوری کے بعد کیا گیا ہے ۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کی تیاریوں کے لیے لگائے گئے تربیتی کیمپ اس وقت بھرپور طریقے سے جاری ہیں۔
ترجمان پی ایچ ایف کے مطابق سینئر ٹیم کے ٹرائلز دو مختلف مراحل میں مکمل کیے جائیں گے ۔ پہلے مرحلے (12 اور 13 مئی) میں تربیتی کیمپ میں موجود 60 ممکنہ کھلاڑیوں میں سے بہترین کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کیا جائے گا۔ اس کے بعد دوسرے مرحلے (فیز ٹو) کے ٹرائلز منعقد ہوں گے ،جس میں ایف آئی ایچ پرو لیگ کے لیے فائنل سکواڈ کا چناؤ کیا جائے گا جبکہ دوسرے مرحلے کے شیڈول کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔