فرنچ اوپن انعامی رقم تنازع، ویمنز پلیئرز کی بائیکاٹ کی دھمکی
فرنچ اوپن انعامی رقم تنازع، ویمنز پلیئرز کی بائیکاٹ کی دھمکی ٹینس کا اصل حسن کھلاڑی، انہی کی وجہ سے شائقین کو تفریح ملتی ، سبالینکا
پیرس (سپورٹس ڈیسک)سال کے دوسرے بڑے گرینڈ سلام ٹینس ٹورنامنٹ فرنچ اوپن میں کھلاڑیوں اور انتظامیہ کے درمیان انعامی رقم پر تنازع سر اٹھانے لگا جس کے باعث ویمنز کھلاڑیوں کی جانب سے ایونٹ کے بائیکاٹ کا امکان ہے ۔میڈیارپورٹس کے مطابق بیلاروس سے تعلق رکھنے والی عالمی نمبر ایک پلیئر ارینا سبالینکا اور امریکی کھلاڑی کوکوگف نے فرنچ اوپن کے بائیکاٹ کی دھمکی دے دی ۔متعدد سرکردہ کھلاڑیوں نے اس حوالے سے مشترکہ اعلامیہ جاری کیا۔اعلامیے کے مطابق انعامی رقم ٹورنامنٹ کی مجموعی آمدن میں سے 15 فیصد سے کم ملنے کا امکان ہے ۔
نمبر ون ویمن ٹینس پلیئر ارینا سبالینکا کا کہنا ہے کہ اگر فرنچ اوپن کی انعامی رقم نہ بڑھائی گئی تو کھلاڑی ایونٹ کا بائیکاٹ کریں گے ۔ارینا سبالینکا نے اپنے بیان میں کہا کہ کسی نہ کسی مرحلے پر ہم اس ٹورنامنٹ کا بائیکاٹ کریں گے ، اپنے حقوق کے لیے لڑنے کا یہ واحد طریقہ ہے ، میرے خیال میں کھلاڑیوں کے ساتھ یہ ناانصافی ہے ، امید ہے مذاکرات میں ہم اس نتیجے پر پہنچیں گے جس پرسب خوش ہوں گے ، میرا ماننا ہے کہ ہمیں زیادہ حصہ ملنا چاہیے ۔ رپورٹ کے مطابق اس بار ٹورنامنٹ کی انعامی رقم 9.5 فیصد اضافے کے بعد 72.19 ملین ڈالرز کی گئی۔