زمبابوے کے خلاف ٹی 20سیریز کیلئے قومی ویمن سکواڈ کا اعلان
فاطمہ ثنا قیادت کریں گی ،پہلامیچ 12،دوسرا14،تیسرا15مئی کوکھیلاجائیگا
لاہور(سپورٹس ڈیسک )زمبابوے کے خلاف ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل ویمن سیریز کے لیے پاکستان ویمن سکواڈ کا اعلان کر دیاگیا۔نیشنل بینک سٹیڈیم کراچی میں کھیلی جانے والی تین میچز کی سیریز میں پاکستان کی قیادت فاطمہ ثنا کریں گی،پاکستان ٹیم میں عالیہ ریاض، امبر کائنات، عائشہ ظفر، ایمان فاطمہ، گل فیروزہ، ارم جاوید، منیبہ علی( وکٹ کیپر)، نشرح سندھو، نتالیہ پرویز، رامین شمیم، سدرہ اقبال، سائرہ جبین، تسمیہ رباب اور طوبہ حسن شامل ہیں۔سیریز کا مقصد پاکستان ویمن ٹیم کو 12 جون سے 5 جولائی تک انگلینڈ اور ویلز میں ہونے والے آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سے قبل تیاریوں کو بہتر بنانے کا موقع فراہم کرنا ہے ۔میگاایونٹ سے قبل پاکستان 28 مئی سے 4 جون تک آئرلینڈ میں ہونے والے سہ ملکی ٹی ٹونٹی ویمن ٹورنامنٹ میں شرکت کرے گا جس میں آئرلینڈ اور ویسٹ انڈیز بھی شامل ہونگے ،پاکستان اور زمبابوے کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز کا پہلا میچ12 مئی، دوسرا 14مئی اور تیسرا و آخری میچ 15مئی کو کھیلا جائے گا۔