جاپان:قوانین کی کتابیں پکڑے شائقین کی کرکٹ میں دلچسپی

جاپان:قوانین کی کتابیں پکڑے شائقین کی کرکٹ میں دلچسپی

ایشین گیمز کیلئے تیار کوروگی سپورٹس پارک ایشیا پیسیفک کوالیفائرز میچز کا آغاز اس وقت ہمارے جذبات میں سب سے نمایاں چیز جوش و خروش،جاپانی کپتان

لاہور(سپورٹس ڈیسک)جاپان کے بالکل نئے کرکٹ گراؤنڈ میں ایک بلے باز جب گیند کو چھکا لگا کر ریت اور جھاڑیوں میں پہنچا دیتا ہے تو شوقین تماشائی ہاتھوں میں قوانین کی کتابیں پکڑے حیرت سے یہ منظر دیکھتے ہیں۔ یہ سب ایشین گیمز کے آغاز سے صرف چار ماہ پہلے ہو رہا ہے ، جہاں اس گراؤنڈ پر میچز کھیلے جائیں گے ۔ جاپانی شائقین کئی کھیلوں سے واقف ہوں گے ، لیکن زیادہ تر لوگ کرکٹ کے بارے میں زیادہ نہیں جانتے ۔ کوروگی سپورٹس پارک اس وقت 2028 کے مردوں کے ٹی20 ورلڈ کپ کے ایسٹ ایشیا پیسیفک کوالیفائرز کی میزبانی کر رہا ہے تاکہ ایشین گیمز کی تیاری کی جا سکے ۔ان کوالیفائرز میں جاپان کے علاوہ وانواتو، فجی، ساموا، انڈونیشیا، فلپائن، پاپوا نیو گنی، کُک آئی لینڈز اور جنوبی کوریا جیسی نسبتاً کمزور کرکٹ  

 ٹیمیں شامل ہیں۔مقامی رہائشی یویا اوکیماسو، جو اپنی بیوی اور دو بچوں کے ساتھ جاپان اور وانواتو کا میچ دیکھنے آئے تھے نے بتایا کہ انہیں کرکٹ کے بارے میں صرف اس لیے معلوم تھا کیونکہ ان کی بیٹی آسٹریلوی کارٹون بلیوئی دیکھتی ہے ۔34 سالہ اوکیماسو، جو اپنی زندگی کا پہلا کرکٹ میچ دیکھ رہے تھے نے کہا میں کھیل دیکھتے ہوئے قوانین بھی پڑھ رہا ہوں کیونکہ مجھے یہ سمجھ نہیں آتا، لیکن یہ دلچسپ لگ رہا ہے ۔ اگرچہ ایشیا کے بڑے کھلاڑی اس سے زیادہ شاندار سٹیڈیمز کے عادی ہیں، لیکن وہ اس پچ کے معیار سے مایوس نہیں ہوں گے ۔ جاپان کرکٹ ایسوسی ایشن نے ٹوکیو اور اس کے اطراف کھیل کو آہستہ آہستہ متعارف کرانے میں کچھ کامیابی حاصل کی ہے ۔جے سی اے کے چیف ایگزیکٹو ناوکی الیکس میاجی کا کہنا ہے کہ ناگویا کرکٹ کے لحاظ سے ایک خالی علاقہ ہے اور انہیں فکر ہے کہ شاید لوگوں میں دلچسپی پیدا کرنے کے لیے وقت کم ہے ۔

انہوں نے کہاایشین گیمز کے ذریعے یہاں کچھ نیا بنانا بہترین موقع ہے ، لیکن صرف 15 ماہ کی تیاری کے ساتھ یہ آسان نہیں۔میاجی کو کوروگی سپورٹس پارک کے مستقبل کے بارے میں بھی تشویش ہے کیونکہ ایشین گیمز کے بعد یہ گراؤنڈ بیس بال ٹیموں کے ساتھ مشترکہ طور پر استعمال ہوگا۔جاپانی کھلاڑیوں نے بھی شاندار کارکردگی دکھائی اور وانواتو کو 30 رنز سے شکست دی۔جاپان کے کپتان کینڈل کاڈوواکی فلیمنگ نے کہا یہ گراؤنڈ حیرت انگیز حالت میں ہے ، خاص طور پر یہ دیکھتے ہوئے کہ اس کی تعمیر صرف چند ماہ پہلے شروع ہوئی تھی۔اس وقت ہمارے جذبات میں سب سے نمایاں چیز جوش و خروش ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں