مانچسٹر سٹی نے چیلسی کو ہرا کر ایف اے کپ جیت لیا
مانچسٹر سٹی نے چیلسی کو ہرا کر ایف اے کپ جیت لیا فاتح ٹیم کے لیے فیصلہ کن گول اینٹوان سیمینیو نے دوسرے ہاف میں کیا
لندن(سپورٹس ڈیسک)مانچسٹر سٹی نے ایف اے کپ کے فائنل میں چیلسی کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ فاتح ٹیم کے لیے فیصلہ کن گول اینٹوان سیمینیو نے دوسرے ہاف میں اسکور کیا۔لندن کے ویمبلے سٹیڈیم میں کھیلے گئے ایف اے کپ کے فائنل میں مانچسٹر سٹی نے چیلسی کو ایک صفر سے شکست دے کر سیزن کا دوسرا ڈومیسٹک ٹائٹل جیت لیا۔میچ کا واحد اور فیصلہ کن گول 72ویں منٹ میں گھانا سے تعلق رکھنے والے اینٹوان سیمینیو نے سکور کیا، جنہوں نے ایرلنگ ہالینڈ کے کراس پر مہارت سے بیک ہیل شاٹ کھیلتے ہوئے گیند چیلسی کے گول کیپر رابرٹ سانچیز کے جال میں پہنچا دی۔ یہ مانچسٹر سٹی کی تاریخ کا آٹھواں ایف اے کپ ٹائٹل ہے ، جب کہ اس سے قبل ٹیم مارچ میں لیگ کپ بھی جیت چکی ہے ۔ پیپ گارڈیولا کی ٹیم اس وقت پریمیئر لیگ میں آرسنل سے دو پوائنٹس پیچھے ہے اور سیزن کے آخری دو میچ باقی ہیں۔ خراب سیزن، دو مرتبہ کوچ کی تبدیلی اور پریمیئر لیگ میں نویں پوزیشن پر گرنے کے بعد چیلسی کے لیے اگلے سیزن میں یورپی فٹبال کھیلنے کے امکانات بھی معدوم ہوتے دکھائی دے رہے ہیں۔