امریکی سفارتخانے کے تحت فیفا ورلڈکپ لانچنگ تقریب
پاکستان میں فٹبال کے فروغ کیلئے مثبت پیش رفت دیکھ کر خوشی ہورہی،نیٹلی
اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر)پاکستان میں امریکی سفارتخانے کے زیر اہتمام فیفا ورلڈکپ کے حوالے سے لانچنگ تقریب منعقد ہوئی، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں امریکی سفارتخانے کی ناظم الامور نیٹلی اے بیکر نے کہا کہ یہ اعزاز کی بات ہے کہ فیفا ورلڈکپ کے حوالے سے پہلا خصوصی ایونٹ پاکستان میں منعقد کیا جارہا ہے پاکستان میں فٹبال کے فروغ کے حوالے سے مثبت پیش رفت دیکھ کر خوشی ہورہی ہے اور پاکستان فیفا ورلڈکپ میں اپنا اہم کردار ادا کررہا ہے نیٹلی بیکر نے کہا کہ امریکہ دنیا بھر کے شائقین کو خوش آمدید کہنے اور اس عظیم ایونٹ کو یادگار بنانے کیلئے مکمل طور پر تیار ہے ۔ ان کے مطابق کھیل، خصوصاً فٹبال، مختلف قوموں اور عوام کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا بہترین ذریعہ ہیں۔اس موقع پر صدر پاکستان فٹبال فیڈریشن محسن گیلانی نے کہا کہ فٹبال کے ذریعے پاکستان اور امریکہ کے تعلقات مزید مضبوط ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فیفا پوری دنیا کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کررہا ہے ۔محسن گیلانی نے کہا کہ پاکستان کی ویمنز فٹبال ٹیم نے پہلی مرتبہ کسی فیفا ایونٹ میں شرکت کرکے کامیابی بھی حاصل کی، جو ملک کے لیے ایک تاریخی لمحہ ہے ۔