میکسیکو کا ایرانی فٹبال ٹیم کو قیام کی اجازت دینے کا فیصلہ

 میکسیکو کا ایرانی فٹبال ٹیم کو قیام کی اجازت دینے کا فیصلہ

میکسیکو (سپورٹس ڈیسک)فیفا ورلڈکپ 2026 کے شریک میزبان ملک میکسیکو کی صدر کلاڈیا شینبام نے ایونٹ کے دوران ایرانی ٹیم کو اپنے ملک میں ٹھہرانے کی منظوری دے دی ہے ۔

 صدر شینبام کے مطابق یہ فیصلہ اس وقت کیا گیا جب امریکہ نے ایرانی سکواڈ کو اپنے ہاں ٹھہرانے سے معذرت کر لی۔میکسیکن صدر نے میڈیا کو بتایا، امریکہ نہیں چاہتا کہ ایرانی ٹیم وہاں رات گزارے ، حالانکہ ایران کو اپنے تین میچز وہیں کھیلنے ہیں۔ فیفا نے ہم سے رابطہ کیا کہ کیا ایرانی ٹیم میکسیکو میں قیام کر سکتی ہے ؟ جس پر ہم نے ہامی بھر لی۔ ہمیں اس پر کوئی اعتراض نہیں ہے ۔بعدازاں فیفا نے بھی تصدیق کی کہ ایرانی ٹیم کا ٹریننگ بیس میکسیکو کے سرحدی شہر تیہوانا میں ہوگا۔

واضح رہے کہ امریکا کی ایران کے خلاف جارحیت کے باعث ایران کے ورلڈ کپ میں شرکت پر غیر یقینی کے بادل منڈلا رہے تھے ۔ شیڈول کے مطابق ورلڈ کپ کی مشترکہ میزبانی امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو کر رہے ہیں جہاں ایران کو اپنے تینوں میچز امریکی شہروں (لاس اینجلس اور سیئٹل)میں کھیلنے ہیں۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں