پی ایچ ایف،ہاکی کے فروغ کیلئے تکنیکی،شماریاتی جائزہ کا فیصلہ
پی ایچ ایف،ہاکی کے فروغ کیلئے تکنیکی،شماریاتی جائزہ کا فیصلہ پلیئرز کی کارکردگی پر مبنی مفصل رپورٹ فوری ایڈہاک کمیٹی کو پیش کرنیکی ہدایت
اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر)پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ملکی ہاکی کے فروغ اور اسے جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے پاکستان انڈر18 ٹیم کی حالیہ بین الاقوامی مہم کا جامع تکنیکی اور شماریاتی جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے ۔اس سلسلے میں پی ایچ ایف نے ٹیم مینجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ کھلاڑیوں کی کارکردگی پر مبنی ایک مفصل تجزیاتی رپورٹ فوری طور پر ایڈہاک کمیٹی کو پیش کریں۔فیڈریشن ذرائع کے مطابق اس اقدام کا مقصد قومی ہاکی کے ڈھانچے میں سفارش اور ذاتی پسند ناپسند کے کلچر کا خاتمہ کر کے مکمل طور پر 'ڈیٹا اور ہائی پرفارمنس' پر مبنی نظام متعارف کرانا ہے ۔پی ایچ ایف کا مؤقف ہے کہ جدید دور کی ہاکی میں مسلسل جانچ اور سائنسی تجزیے کے بغیر بین الاقوامی سطح پر فتوحات ممکن نہیں،اسی لیے کھلاڑیوں کی ترقی، کوچنگ، فٹنس اور حکمت عملی کے ہر پہلو کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے ۔ایڈہاک کمیٹی کو پیش کی جانے والی اس رپورٹ میں میچز کے دوران سامنے آنے والے تمام تکنیکی پہلووں کا احاطہ کیا جائے گا۔ رپورٹ میں انفرادی طور پر ہر کھلاڑی کے فٹنس لیول کا جائزہ لیا جائے گا اور غیر معمولی صلاحیت کے حامل کھلاڑیوں کی نشاندہی کر کے انہیں مستقبل کے طویل المیعاد پروگراموں کا حصہ بنایا جائے گا۔