راج کندرا کا راجستھان رائلز کی بولی میں 2.5 ملین ڈالرز کی بے ضابطگی کا انکشاف
ممبئی (سپورٹس ڈیسک )بھارتی کاروباری شخصیت راج کندرا نے بھارتی کرکٹ بورڈ کو خط لکھ کرآئی پی ایل کی فرنچائز راجستھان رائلز کی ابتدائی ملکیت اور بولی کے عمل میں سنگین مالی بے ضابطگیوں کا الزام عائد کیا ہے ۔
راج کندرا کے مطابق جنوری 2008ء میں 2.5 ملین ڈالرز کی ایک رقم ایسے اکاؤنٹ میں منتقل کی گئی جو مبینہ طور پر فرنچائز کے حصول سے منسلک تھا اور یہ رقم ممکنہ طور پر بولی کے دوران ادا کی گئی رقم سے متعلق ہو سکتی ہے ۔ اس دور کے کئی اہم مالی لین دین ظاہر نہیں کیے گئے جبکہ بعض بینک ریکارڈز بھی تحقیقات کے دوران سامنے نہیں لائے گئے ۔اُنہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ حلف کے تحت دیے گئے کچھ بیانات غلط ہو سکتے ہیں جن پر قانونی کارروائی کا امکان موجود ہے ۔بھارتی میڈیا کے مطابق راج کندرا کی جانب سے لگائے گئے ان الزامات کی فی الحال تصدیق نہیں ہوئی ۔