ہاکی پرو لیگ ،پاکستان مسلسل 13 ویں شکست سے دوچار

ہاکی پرو لیگ ،پاکستان مسلسل 13 ویں شکست سے دوچار

قومی ٹیم کو بھارت نے 3-4 گول سے ہرایا، آج انگلینڈ کے خلاف مقابلہ آئی ایچ ایف کی غفلت،قومی ترانوں کی تقریب میں پاکستان کا غلط پرچم پیش

 لندن (سپورٹس ڈیسک)ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ میں قومی ہاکی ٹیم کو بھارت نے 3-4 گول سے شکست دے دی۔ یہ پاکستان کی لیگ میں یہ مسلسل 13 ویں شکست ہے ۔لندن کے لی ویلی ہاکی اینڈ ٹینس سینٹر گراؤنڈ پر منعقدہ میچ میں روایتی حریف ٹیموں کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ دیکھنے میں آیا۔ پاکستان کو پہلے ہاف میں ایک گول کی سبقت حاصل ہوئی۔ تاہم، بھارت نے مقابلہ برابر کرنے کے بعد دوسرے کوارٹر میں سبقت حاصل کر لی جبکہ تیسرے کوارٹر کے اختتام پر بھارت کی برتری1-3 میں تبدیل ہو گئی۔ پاکستان نے آخری لمحات میں مزید ایک گول کر کے خسارہ کم کیا۔ تاہم، میچ کا مقررہ وقت مکمل ہونے پر بھارت کو 3-4 سے فتح مل گئی ۔ لیگ کے تیرہ میچز میں اب تک پاکستان نے حریف ٹیموں کے خلاف 20 گول کیے ہیں جبکہ پاکستان کے خلاف 63 گول ہو چکے ۔پاکستان لیگ میں اپنا اگلا میچ آج انگلینڈ کے خلاف کھیلے گا۔ میچ کے آغاز سے قبل انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کی غفلت کے باعث دونوں ٹیموں کے قومی ترانوں کی تقریب کے دوران پاکستان کا غلط پرچم پیش کیا گیا۔میچ باضابطہ آغاز کے موقع پر بچوں کے ہاتھوں میں موجود پاکستانی جھنڈے سے سفید رنگ غائب تھا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں