فیفاورلڈکپ: مراکش کو شکست فرانس سیمی فائنل میں

فیفاورلڈکپ: مراکش کو شکست فرانس سیمی فائنل میں

60ویں منٹ میں کیلیان ایمباپے نے گول کر کے ٹیم کو برتری دلائی، جبکہ چھ منٹ بعد عثمان ڈیمبیلے نے برتری 0-2 کر دی کامیابی کیساتھ فرانس مسلسل تیسری مرتبہ ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچ گیا جبکہ مراکش کا شاندار سفر کوارٹر فائنل میں ختم

 بوسٹن (سپورٹس ڈیسک)فیفا فٹبال ورلڈ کپ کے پہلے کوارٹر فائنل میں فرانس نے مراکش کو 0-2 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی اور ایونٹ کے آخری چار میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔امریکا کے شہر بوسٹن میں کھیلے گئے میچ میں فرانسیسی ٹیم نے ابتدا ہی سے جارحانہ کھیل پیش کیا اور مراکش کے گول پر مسلسل حملے کیے ، تاہم پہلے ہاف میں دونوں ٹیمیں کوئی گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکیں۔پہلے ہاف میں فرانس کو اس وقت سنہری موقع ملا جب کیلیان ایمباپے کو پنالٹی ملی، لیکن مراکش کے گول کیپر نے شاندار سیو کرتے ہوئے ان کی کوشش ناکام بنا دی، جس کے باعث وقفے تک مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔

دوسرے ہاف میں فرانس نے کھیل پر مکمل گرفت برقرار رکھی۔ 60ویں منٹ میں کپتان کیلیان ایمباپے نے گول کر کے ٹیم کو برتری دلائی، جبکہ صرف چھ منٹ بعد عثمان ڈیمبیلے نے خوبصورت گول سکور کرکے فرانس کی برتری 0-2 کر دی۔مراکش کو بھی واپسی کے چند مواقع ملے ۔ 82ویں منٹ میں فری کک پر فرانسیسی گول کیپر نے شاندار بچاؤ کیا، جبکہ اس کے بعد بھی مراکش کا ایک یقینی گول ضائع ہو گیا۔اس کامیابی کے ساتھ فرانس مسلسل تیسری مرتبہ فیفا ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچ گیا، جبکہ مراکش کا شاندار سفر کوارٹر فائنل میں اختتام پذیر ہوا۔ ایمباپے نے کہا کہ ہم سیمی فائنل میں ہیں اور ہم بہت خوش ہیں۔ ابھی بہت لمبا راستہ باقی ہے اور ہمیں معلوم ہے کہ آگے جو کچھ ہے وہ اس سے بھی زیادہ مشکل ہو گا، لیکن ہم تیار ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں