کامن ویلتھ گیمز کیلئے 36 رکنی قومی دستے کا باقاعدہ اعلان
کامن ویلتھ گیمز کیلئے 36 رکنی قومی دستے کا باقاعدہ اعلان ایتھلیٹکس، باکسنگ، جوڈو، جمنامسٹک سمیت مختلف گیمز کے پلیئرز شامل
اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر)پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن (پی او اے ) اور کامن ویلتھ گیمز ایسوسی ایشن پاکستان نے سکاٹ لینڈ کے شہر گلاسگو میں 23 جولائی سے 2 اگست 2026 تک شیڈول 23 ویں کامن ویلتھ گیمز کے لیے 36 رکنی قومی دستے کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے ۔ پاکستان کا یہ مسابقتی دستہ ایتھلیٹکس، باکسنگ، جوڈو، جمنامسٹک، لان باؤل اور سوئمنگ سمیت مختلف کھیلوں کے کھلاڑیوں اور آفیشلز پر مشتمل ہے ، جس کی سربراہی شیف ڈی مشن میجر جنرل عادل رحمانی کریں گے جبکہ میجر (ریٹائرڈ) ماجد وسیم جنرل ٹیم منیجر اور ڈاکٹر سید میثاق حسین رضوی چیف میڈیکل آفیسر کی ذمہ داریاں نبھائیں گے ۔ قومی دستے میں اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم، فائقہ ریاض، انصار عباس، محمد اختر، محمد اسماعیل، اور محمد یاسر (ایتھلیٹکس)، افضل خان، فاطمہ زہرہ، ملائکہ زاہد، قدرت اللہ، اور سمامہ رحمن (باکسنگ)، شہزاد علی (جمنامسٹک)، شاہ حسین شاہ (جوڈو)، مقصود وسیم خان اور محمد ایوب قریشی (لان باؤل) جبکہ حمزہ آصف، حریم ملک، جہان آرا نبی اور محمد احمد درانی (سوئمنگ) میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے ۔