فیفا کا نیا کمرشل ادارہ بنانیکا منصوبہ، یورپین باڈی کی تنقید
مقصد غیر فعال شیئرز فروخت کر کے 4.2 ارب ڈالر کی خطیر رقم اکٹھی کرنا رکن ممالک کیلئے فنڈنگ 8 ملین ڈالر سے بڑھا کر 20 ملین کر دی جائے گی
جنیوا (سپورٹس ڈیسک)عالمی فٹبال کی گورننگ باڈی فیفا نے اپنے 211 رکن ممالک کے لئے ترقیاتی فنڈز میں ریکارڈ اضافے کی خاطر ایک نیا کمرشل ذیلی ادارہ قائم کرنے اور اس کے اقلیتی شیئرز نجی سرمایہ کاروں کو بیچنے کی تجاویز پیش کی ہیں، جس پر یورپی فٹبال ایسوسی ایشن نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے ۔ فیفا فارورڈ انٹرپرائز کے نام سے قائم کیے جانے والے اس نئے ادارے میں فیفا کے کمرشل حقوق بشمول براڈکاسٹنگ، سپانسرشپ، ٹکٹنگ اور لائسنسنگ شامل ہوں گے ۔ فیفا کا مقصد 20 ارب امریکی ڈالر کی ابتدائی مالیت کی بنیاد پر اس کمپنی کے غیر فعال شیئرز فروخت کر کے 4.2 ارب ڈالر تک کی خطیر رقم اکٹھی کرنا ہے ۔اس منصوبے کے تحت رکن ممالک کے لئے باقاعدہ فنڈنگ 8 ملین ڈالر سے بڑھا کر 2027 سے 2030 کے سائیکل کے لئے 20 ملین ڈالر فی ملک کر دی جائے گی، جبکہ آئندہ چار سالوں میں مجموعی ترقیاتی اخراجات 10 ارب ڈالر سے تجاوز کر جائیں گے ۔ فیفا کے صدر جیانی انفنٹینو نے اس منصوبے کو عالمی سطح پر فٹبال کی جمہوریت کی سمت ایک بڑا قدم قرار دیا ہے ۔دوسری جانب یورپی فٹبال کے لئے کام کرنے والے ادارے "یو ای ایف اے " نے اس تجویز کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ فٹبال کی روح اور گورننس ایسی چیز نہیں جس کی تجارت کی جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments