کویتی وزیرخارجہ کی فیلڈ مارشل اور وزیراعظم سے ملاقاتیں : پاکستان، کویت کے دفاعی معاہدے سے خطے میں امن کو فروغ ملے گا : دفتر خارجہ

کویتی وزیرخارجہ کی فیلڈ مارشل اور وزیراعظم سے ملاقاتیں : پاکستان، کویت کے دفاعی معاہدے سے خطے میں امن کو فروغ ملے گا : دفتر خارجہ

خلیجی ممالک پر حملے قابل مذمت، امن کیلئے مخلص ثالث کا کردار ادا کررہے ،تجارت، سرمایہ کاری، توانائی ودیگر شعبوں میں کویت کیساتھ تعاون بڑھائیں گے :شہباز شریف امن وخوشحالی مشترکہ ویژن:عاصم منیر، 2023کے دفاعی معاہدے کی توثیق اہم سنگ میل:اسحاق ڈار ،شیخ جراح جابر الاحمد الصباح نے امن کوششوں کو سراہا

اسلام آباد(نامہ نگار،وقائع نگار)کویت کے وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح نے وزیراعظم شہبازشریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار سے ملاقاتیں کی ، اس دوران دوطرفہ تعاون اور علاقائی سلامتی پر تبادلہ خیال ہوا اور برادرانہ تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔دفتر خارجہ نے کہا پاکستان ، کویت کے دفاعی معاہدے سے خطے میں امن کو فروغ ملے گا۔شہباز شریف نے وزیراعظم ہاؤس میں کویتی وزیر خارجہ کا خیرمقدم کیا اور امیرِ کویت شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح اور ولی عہد شیخ صباح الخالد الحمد المبارک الصباح کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے پاکستان اور کویت کے درمیان مشترکہ اقدار اور باہمی اعتماد پر استوار دیرینہ برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں برادر ممالک نے ہر مشکل اور ہر خوشی کے موقع پر ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے ۔

علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کویت کی قیادت اور عوام کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا اور جاری تنازع کے دوران کویت اور دیگر برادر خلیجی ممالک پر ہونے والے حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کے قیام کے لیے ایک دیانت دار اور مخلص ثالث اور سہولت کار کے طور پر اپنا کردار ادا کر رہا ہے ، اور ان کوششوں کی حمایت پر کویتی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔دوطرفہ تعلقات کے حوالے سے وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، بحری امور اور افرادی قوت کی ترقی سمیت مختلف شعبوں میں کویت کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دینے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے پاکستانی برادری کی فراخدلانہ میزبانی پر کویتی حکومت کو سراہتے ہوئے کویت کی سماجی و معاشی ترقی میں پاکستانی کمیونٹی کے قیمتی کردار کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔

وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح نے وزیراعظم کو کویتی قیادت کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا اور باہمی مفاد کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے کویت کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے موجودہ بحران کے حل اور خطے میں امن کی بحالی کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کے فروغ میں پاکستان، بالخصوص وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے ان مشکل حالات میں کویت کے ساتھ یکجہتی اور غیر متزلزل حمایت پر پاکستان کی قیادت اور عوام کا بھی شکریہ ادا کیا۔دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور، خصوصاً دوطرفہ تعلقات کے تناظر میں، مسلسل مشاورت اور قریبی روابط کی اہمیت پر زور دیا اور اتفاق کیا کہ ان امور پر پیش رفت کے لیے مستقبل قریب میں اعلیٰ سطح کے وفود کا تبادلہ کیا جائے گا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے ایک بار پھر کویت کے ولی عہد کو پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت کا اعادہ کیا۔

دریں اثنا کویت کے وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح نے پاکستان میں متعین کویتی سفیر ناصر عبدالرحمان جے المطیری کے ہمراہ جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی کا دورہ کیا اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کی۔پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی اور دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اس موقع پر کویت کے ساتھ ہر سطح پر تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔کویتی وزیر خارجہ نے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت، علاقائی امن و استحکام کے لیے تعمیری کردار اور دونوں ممالک کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کو سراہا۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کویت کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک علاقائی امن اور خوش حالی کے حوالے سے مشترکہ وژن رکھتے ہیں۔علاو ہ ازیں کویتی وزیرخارجہ نے دفتر خارجہ میں اپنے ہم منصب اسحاق ڈار سے ون آن ون ملاقات کی، اس موقع پر وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوئے۔

اس دوران دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا اور تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت اور اقتصادی تعاون سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت اور گہرائی دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔اسحاق ڈار نے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کیلئے اعلیٰ سطح کے باقاعدہ تبادلوں کی اہمیت پر زور دیا۔اس موقع پر توانائی، تجارت و سرمایہ کاری، زراعت و غذائی تحفظ، انفارمیشن ٹیکنالوجی، تعلیم اور صحت سمیت دوطرفہ تعاون کے اہم شعبوں میں مشترکہ ورکنگ گروپس قائم کرنے پر اتفاق کیا گیا ۔ یہ بھی طے پایا کہ ان ورکنگ گروپس کی پیش رفت کا باقاعدگی سے جائزہ لینے ، مو ثر فالو اپ کو یقینی بنانے اور دوطرفہ تعاون کے اہداف کے بروقت حصول کے لیے دونوں وزرائے خارجہ وقتاً فوقتاً ملاقاتیں کریں گے ۔دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دفاعی شراکت داری کا ذکر کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے جون 2023 میں طے پانے والے پاکستان۔کویت دفاعی تعاون معاہدے کی حالیہ توثیق پر کویت کا خیرمقدم کیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ دونوں ممالک کے دفاعی تعلقات میں ایک اہم سنگِ میل ہے ، جس سے دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان ادارہ جاتی روابط مزید مضبوط ہوں گے اور دفاعی تعاون کو نئی جہت ملے گی۔ملاقات میں دونوں وزرائے خارجہ نے علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا اور اقوام متحدہ سمیت کثیرالجہتی فورمز پر باہمی مشاورت اور قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔کویت کے وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح نے مختلف شعبوں میں پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کویت کی ترقی اور خوشحالی میں پاکستانی برادری کی گراں قدر خدمات کو سراہتے ہوئے ان کی مثبت شراکت کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ملاقات خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں ہوئی۔ دونوں فریقین نے پاکستان اور کویت کے تعلقات کی مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔

کویت کے وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح، پاکستان کا کامیاب سرکاری دورہ مکمل کرنے کے بعد اسلام آباد سے روانہ ہوگئے ۔اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر وزارتِ خارجہ کے ایڈیشنل سیکرٹری (مشرق وسطیٰ) زاہد حسین نے معزز مہمان کو الوداع کیا۔کویت کے وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان نے دونوں برادر ممالک کے درمیان دیرینہ، مضبوط اور برادرانہ تعلقات کا ایک بار پھر اعادہ کیا۔وزارتِ خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے کویت کی جانب سے پاکستان۔کویت دفاعی تعاون معاہدہ 2023 کی توثیق سے متعلق میڈیا کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا پاکستان اس اہم پیش رفت کا خیرمقدم کرتا ہے ، یہ اقدام دونوں برادر ممالک کے درمیان 1980 کی دہائی کے اوائل سے قائم مضبوط دفاعی شراکت داری میں ایک اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے ۔

یہ اس امر کی بھی عکاسی کرتا ہے کہ پاکستان اور کویت دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید مستحکم کرنے اور اپنی سلامتی کی شراکت داری کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے یکساں عزم رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دفاعی تعاون کا یہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی شعبے میں تعاون کو وسعت دینے کیلئے ایک جامع ادارہ جاتی فریم ورک فراہم کرتا ہے ، جس کے تحت عسکری تربیت اور تعلیم، مشترکہ فوجی مشقیں، مہارتوں اور تجربات کا تبادلہ، اور دیگر باہمی اتفاق سے طے شدہ شعبوں میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔ اس معاہدے سے دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان ادارہ جاتی روابط مزید مضبوط ہوں گے اور پاکستان و کویت کے دیرینہ دفاعی تعلقات کو نئی تقویت ملے گی۔ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان اور کویت معاہدے کی شقوں کے مطابق اس پر مو ثر عملدرآمد کے لیے قریبی تعاون جاری رکھیں گے ، جس کے نتیجے میں دوطرفہ دفاعی اشتراک میں مزید وسعت آئے گی، باہمی اعتماد، مشترکہ مفادات اور مضبوط ادارہ جاتی روابط پر مبنی دفاعی شراکت داری مزید مستحکم ہوگی، اور خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ میں بھی مدد ملے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...