ایف بی آر ٹیکس چوروں کیخلاف قانونی کارروائی کرے : وزیر اعظم
چینی کے پیداواری شعبے ،ایف بی آر کے اعداد و شمار میں ہم آہنگی فعال ٹریکنگ نظام کا واضح ثبوت :اجلاس سے خطاب دانش اتھارٹی بورڈ کا پہلا اجلاس، رولز کی منظوری،الاٹ زمین دانش سکول اتھارٹی کے نام ٹرانسفر ،رانا مشہود کی ملاقات
اسلام آباد(نامہ نگار)وزیراعظم شہبا زشریف نے کہاہے کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ چینی کے پیداواری شعبے اور ایف بی آر کے اعداد و شمار میں ہم آہنگی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ایف بی آر کا نصب شدہ ٹریکنگ نظام فعال اور بہتر کارکردگی دکھا رہا ہے ،اس ضمن میں چیئرمین ایف بی آر اور انکی ٹیم کی کاوشیں لائق تحسین ہیں، ایف بی آر اصلاحات پر ہفتہ وار جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے ہدایت کی کہ مختلف شعبوں میں ٹیکس کی استعداد کے تخمینے کیلئے جامع و سائنٹیفک طریقہ کار وضع کرکے پیش کیا جائے ،پاور سیکٹر کے ساتھ تعاون سے غیر رسمی معاشی سرگرمیوں اور ٹیکس چوری میں ملوث افراد و کارباروں کا تعین کرکے انکے خلاف قانونی کارروائی کی جائے ،وزیراعظم نے کہاکہ ٹیکس نظام میں رہتے ہوئے ضابطوں کی پابندی کرنے اور ٹیکس جمع کروانے والے افراد و کاروبار ملک و قوم کا قیمتی سرمایہ اور لائق تحسین ہیں، حکومت نے ٹیکس کے حوالے سے برآمدی اور مقامی شعبے کو جس قدر ممکن ہوا سہولت فراہم کی اور آئندہ بھی کرتی رہے گی۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ٹیکسٹائل، مشروبات، سٹیل، پولٹری، خوردنی تیل اور گھی، اور ٹائرز کے شعبوں میں پیداوار کی ڈیجیٹل نگرانی کا نظام دسمبرتک فعال بنایا جائے ،اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ چینی، سیمنٹ، تمباکو، ٹائلز اور کھاد کے شعبے میں ٹریکنگ سسٹم مکمل طور پر فعال جبکہ مزید 5 شعبوں میں نفاذ حتمی مراحل میں ہے جس کی ٹیکس استعداد 7 سو ارب روپے سے زیادہ ہے ،وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ پیداواری شعبے میں بالواسطہ ٹیکس اکٹھا کرنے کیلئے ٹریکنگ نظام کے نفاذ کو رواں برس کے اختتام تک یقینی بنایا جائے ،دریں اثنا دانش اتھارٹی بورڈ کے پہلے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ معاشی طور پر کمزور بچوں کو یکساں تعلیم و ترقی کے مواقع فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ بورڈ ارکان اور شرکا کے اس اہم ذمہ داری کو قبول کرنے پر تہہ دل سے مشکور ہوں۔انہوں نے ہدایت کی کہ تمام زیر تعمیر دانش سکولوں کو معینہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے ، طلبا و طالبات کیلئے سو فیصد بورڈنگ کی سہولت فراہم کی جائے ،اجلاس نے دانش سکول اتھارٹی رولز، منیجنگ ڈائریکٹر رولز اور دیگر قواعد کی اصولی منظوری دی،دانش سکولوں کو الاٹ کی گئی تمام زمین دانش سکول اتھارٹی کے نام ٹرانسفر کرنے کی بھی منظوری دے دی گئی ،وزیراعظم سے چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے ملاقات کی اوروزیراعظم کو یوتھ پروگرام کے تحت جاری منصوبوں پر پیشرفت سے آگاہ کیا۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ یوتھ پروگرام کے منصوبوں کے تحت روزگار کے مواقعوں کے لئے موثر اور جامع حکمت عملی پر بھرپور انداز میں کام کیا جائے ، نوجوانوں کے لیے بہترین تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کا انتظام حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ،علاوہ ازیں انسانی سمگلنگ کے خلاف عالمی دن پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اور دنیا بھر میں انسانی سمگلنگ کے خلاف عالمی دن اس تجدید عہد کے ساتھ منایا جا رہا ہے کہ اس عالمی جرم کے انسداد کے لیے مشترکہ کاوشیں پر عزم انداز میں جاری رکھی جائیں گی،اس عالمی دن پر میں ہر پاکستانی سے پرزور اپیل کرتا ہوں کہ انسانی سمگلنگ میں شامل عناصر کی نشاندہی میں مستعدی کا مظاہرہ کریں اور محروم طبقات پر توجہ رکھیں تاکہ وہ استحصالی عناصر کے ہاتھوں استعمال نہ ہوں ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments