ہنگو : چیک پوسٹ پر حملے میں ڈی ایس پی سمیت 10 شہید، 28 زخمی : کراچی کریکر دھماکے سے 2 پولیس اہلکار زخمی
خزینہ بانڈہ چوکی پر حملہ کرنیوالے 8دہشتگرد مارے گئے ، زخمیوں میں ایک ڈی ایس پی شامل،مٹہ سوات میں 4خارجی ہلاک خیبر میں 24خوارج ،نوشکی میں فتنہ الہندوستان کے 8دہشتگرد ہلاک، شمالی وزیرستان اور کوہاٹ کی مساجد پر حملے
اسلام آباد،راولپنڈی،ہنگو (نامہ نگار،دنیا نیوز)خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو میں پولیس چیک پوسٹ پر حملے میں ڈی ایس پی سمیت 10 اہلکار شہید 28زخمی جبکہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے علاقہ گلشن اقبال بلاک فائیو یونیورسٹی روڈ پر پولیس موبائل پر کریکر دھماکے سے سی ٹی ڈی کے 2 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے ، حملہ آور فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے ، سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائیوں اور دیگر آپریشنز میں 44 دہشتگرد ہلاک ہوگئے ۔ترجمان پولیس کے مطابق ہنگو میں خزینہ بانڈہ چیک پوسٹ پر حملہ کرنے والے دہشتگردوں کا پولیس نے بہادری سے مقابلہ کیا، فائرنگ کے تبادلے میں ڈی ایس پی دیار خان سمیت 10اہلکار شہید جبکہ 8 دہشتگرد ہلاک ہو گئے ۔ڈی پی او کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران ڈی ایس پی مجاہد حسین سمیت مجموعی طور پر 28 پولیس اہلکار زخمی ہوئے ، جنہیں فوری طور پر طبی امداد کیلئے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں انٹیلی جنس بنیادوں پر بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف مشترکہ کارروائیوں کے دوران 32 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا،بیان کے مطابق 28 اور 29 جولائی کی درمیانی شب ضلع خیبر میں متعدد انٹیلی جنس بنیادوں پر کلیئرنس اور ٹارگٹڈ آپریشن کیے گئے ، جن کے دوران سکیورٹی فورسز نے مختلف دہشتگرد ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا اور فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 24 دہشتگردوں کو ہلاک کیا۔اسی دوران بلوچستان کے ضلع نوشکی میں بھی انٹیلی جنس بنیادوں پر متعدد کارروائیاں کی گئیں، جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے میں فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 8 دہشتگرد مارے گئے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائیوں کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد بھی برآمد کرکے تباہ کر دیا گیا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ علاقوں میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی دوسرے بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگرد کا خاتمہ یقینی بنایا جا سکے ۔مزید برآں مٹہ سوات میں پولیس اورمحکمہ انسداد دہشت گردی کے آپریشن میں4 خارجی ہلاک اورمتعدد زخمی ہوگئے ۔پولیس نے مٹہ کے علاقے راشد سر میں انتہائی اہم اور سٹریٹجک پوائنٹ پر کامیابی کے ساتھ کنٹرول حاصل کر لیا۔ آپریشن کے دوران ایلیٹ فورس کے جوان کانسٹیبل گلفام خوارج کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہوگئے ۔ ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق خوارج نے ایک مکان میں پناہ لے کر اہلِخانہ کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کیا،شہریوں کوانسانی ڈھال کے طور پراستعمال کرنا خوارج کی بزدلی اور ناکامی کا واضح ثبوت ہے ،فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے تک قانون نافذ کرنے والے اداروں کا آپریشن جاری رہے گا۔شمالی وزیرستان میں مسجد پر کواڈ کاپٹر حملے سے ایک شہری شہید ہو گیا جبکہ کوہاٹ میں مسجد کے اندر دھماکا سے مسجد کے دو کمرے زمین بوس ہوگئے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments