یو اے ای کے کرکٹر آصف خان پر 15 ماہ کی پابندی عائد
آئی سی سی نے 8ستمبر 2025کو ہونیوالے ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے پر سزاسنائی
دبئی (سپورٹس ڈیسک )انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے متحدہ عرب امارات کے بیٹر آصف خان پر 15 ماہ کی پابندی عائد کردی۔آئی سی سی کے مطابق آصف خان کا 8 ستمبر 2025 کو ڈوپ ٹیسٹ لیا گیا تھا جس میں ممنوعہ مواد کی موجودگی ظاہر ہوئی تھی۔یو اے ای کے 36 سالہ آصف خان نے آئی سی سی اینٹی ڈوپنگ کوڈ کے آرٹیکل 2.1 کی خلاف ورزی کا اعتراف کرتے ہوئے 15 ماہ کی پابندی قبول کرلی۔آئی سی سی کے مطابق آصف خان پر 15 ماہ کی پابندی 8 ستمبر 2025 سے شمار ہوگی جو 7 دسمبر 2026 تک جاری رہے گی۔اینٹی ڈوپنگ قوانین کے تحت آصف خان کے 8 ستمبر 2025 سے 29 دسمبر 2025 تک کے انفرادی نتائج بھی منسوخ کردئیے گئے ہیں، اس کے نتیجے میں اس عرصے کے دوران حاصل کئے گئے تمغے ، پوائنٹس، انعامی رقم اور دیگر انعامات بھی واپس لئے جائیں گے ۔آصف خان نے 2022 میں متحدہ عرب امارات کی جانب سے اپنے بین الاقوامی کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ وہ اب تک یو اے ای کی نمائندگی کرتے ہوئے 38 ون ڈے انٹرنیشنل اور 56 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیل چکے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments