جنوبی افریقی کرکٹ، ایک اوور میں پانچ وکٹوں کا ریکارڈ
19 سالہ بولر چاڈ لیکاک نے سی ایس اے پرو ٹونٹی کپ میں کارنامہ انجام دیا
پیٹرمارٹزبرگ(سپورٹس ڈیسک)جنوبی افریقی کرکٹ میں چاڈ لیکاک نے ناقابلِ یقین بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹی ٹونٹی میچ کے ایک اوور میں پانچ وکٹیں حاصل کرنے والے پہلے بولر کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔19 سالہ بولر نے پیٹرمارٹزبرگ میں سی ایس اے پرو ٹونٹی کپ کے دوران کے زیڈ این اِن لینڈ کی نمائندگی کرتے ہوئے ٹائٹنز کے خلاف یہ کارنامہ انجام دیا۔انہوں نے مجموعی طور پر 26 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں جو اس ٹورنامنٹ کی تاریخ کی بہترین بولنگ بھی ہے ۔اس سے قبل یہ ریکارڈ بیورن ہینڈرکس کے پاس تھا جنہوں نے 2014 میں 29 رنز دے کر 6 وکٹیں لی تھیں۔لیکاک نے اننگز کے 19ویں اوور میں پہلے لیوس ڈو پلائے کو آؤٹ کیا جس کے ایک گیند کے بعد اگلی چار گیندوں پر مزید چار کھلاڑیوں کو پویلین بھیج دیا۔یوں انہوں نے مسلسل چار گیندوں پر چار وکٹیں لینے کا ریکارڈ بھی قائم کیا تاہم ان کی شاندار کارکردگی ٹیم کو فتح نہ دلا سکی۔205 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کے زیڈ این اِن لینڈ کی ٹیم 183 رنز بنا سکی اور 21 رنز سے میچ ہار گئی۔لیکاک نے بیٹنگ میں بھی ناقابلِ شکست 31 رنز بنائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments