ٹرائی سیریز : عرفات کے 6 شکار، انگلینڈ کو 87 رنز سے شکست
پاکستان نے 50اوورز میں 9وکٹوں پر 302رنز کا مجموعہ ترتیب دیا،حسن نواز 74،عرفات 59رنز بنا کر نمایاں،سونی بیکرکی3وکٹیں ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی ٹیم 38.4 اوورز میں 215رنز پر ڈھیر ہو گئی، بینٹن نے 57رنز بنا ئے ،عرفات پلیئر آف دی میچ قرار
راولپنڈی(سپورٹس رپورٹر)پاکستان نے ہوم ٹرائی سیریز کے دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں عرفات منہاس کی شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت انگلینڈ کو 87 رنز سے شکست دے کر فائنل کے لیے راہ ہموار کرلی ہے۔ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، جس پر پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 302 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا۔ پاکستان کی جانب سے حسن نواز نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 74 گیندوں پر 5 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 79 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی، جبکہ عرفات منہاس 59، فہیم اشرف 39، سعد بیگ 35، بابر اعظم 34، سلمان علی آغا 16، صائم ایوب 8، شاہین شاہ آفریدی 10 (ناٹ آؤٹ)، حارث رؤف 4 (ناٹ آؤٹ) اور نسیم شاہ ایک رن بنا سکے، جبکہ فخر زمان بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔
انگلینڈ کی طرف سے سونی بیکر نے 3 اور گس اٹکنسن نے 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ول جیکس، جیمی اوورٹن، عادل رشید اور سیم کرن نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ 303 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی پوری ٹیم 38.4 اوورز میں 215 رنز پر ڈھیر ہو گئی، جس میں ٹام بینٹن 57 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ بین ڈکٹ 45، جو روٹ 33، سیم کرن 27، ول جیکس 19، جورڈن کاکس 18، گس اٹکنسن 7، ہیری بروک 5، جیمی اوورٹن ایک اور عادل رشید صفر پر آؤٹ ہوئے جبکہ سونی بیکر ایک رن کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے ۔ پاکستان کی جانب سے عرفات منہاس نے جادوئی باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے محض 40 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کیں اور انگلش بیٹنگ لائن کی کمر توڑ دی، جبکہ حارث رؤف نے دو اور نسیم شاہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔ عرفات منہاس کو ان کی بہترین آل راؤنڈ کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments