پریذیڈنٹ ٹرافی، پی ٹی وی کی ٹیم کو فالو آن کا سامنا
غنی گلاس کے 232 رنز کے جواب میں او جی ڈی سی ایل کے 277 رنز،امام کی سنچری
راولپنڈی(سپورٹس رپورٹر)پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کے ساتویں راؤنڈ کے دوسرے روز بھی دلچسپ مقابلے دیکھنے کو ملے جہاں ایم آئی ٹی سلوشنز کے خلاف پہلی اننگز میں محض 64 رنز پر ڈھیر ہونے والی پی ٹی وی کی ٹیم کو فالو آن کا سامنا کرنا پڑا تاہم دوسری اننگز میں وقار حسین کی ناقابلِ شکست سنچری اور تیمور خان کی ففٹی کی بدولت پی ٹی وی نے دن کے اختتام تک دو وکٹوں کے نقصان پر 177 رنز بنا کر کم بیک کی کوششیں جاری رکھیں مگر وہ اب بھی ایم آئی ٹی کے خلاف 171 رنز کے خسارے میں ہے ، ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد میں ایم آئی ٹی سلوشنز اپنی پہلی اننگز میں 412 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
ایل سی سی اے گراؤنڈ میں غنی گلاس کی ٹیم پہلی اننگز میں 232 رنز پر سمٹ گئی جس کے جواب میں او جی ڈی سی ایل نے امام الحق کے ناٹ آؤٹ 118 اور سعد خان کے 88 رنز کی بدولت 3 وکٹوں پر 277 رنز بنا لئے ۔ شعیب اختر کرکٹ گراؤنڈ راولپنڈی میں ایس این جی پی ایل کی ٹیم کے آر ایل کے 151 رنز کے جواب میں پہلی اننگز میں 195 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی ،ڈینیل علی خان نے چار وکٹیں حاصل کیں، دوسری اننگز میں کے آر ایل نے دن کے اختتام تک دو وکٹوں پر 111 رنز بنا کر 67 رنز کی مجموعی برتری حاصل کر لی ۔ نیشنل گراؤنڈ اسلام آباد میں کنگز مین اکیڈمی کے 371 رنز کے جواب میں سٹیٹ بینک نے کامران غلام کے 88 اور فہام الحق کے 49 رنز کی بدولت 4 وکٹوں پر 209 رنز بنا لیے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments