ٹرائی سیریز، سری لنکا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کو ہرادیا
لنکن ٹیم نے 430 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف عبور کر کے انگلینڈ کو 2 وکٹوں سے شکست دی ، ہیری بروک کی ڈبل سنچری بھی رائیگاں گئی پلیئر آف دی میچ پون کے 130 رنز ، اویشکا اور داسن نے 97، 97 رنز بنائے ،جینتھ نے 61 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلائی
راولپنڈی(سپورٹس رپورٹر)سری لنکن ٹیم نے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں تاریخ رقم کر دی، 430 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف عبور کر کے انگلینڈ کو 2 وکٹوں سے شکست دے دی، انگلش کپتان ہیری بروک کی ڈبل سنچری بھی رائیگاں گئی۔میچ میں مجموعی طور پر 859 رنز بنے جو میں راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ون ڈے انٹرنیشنل میچ کا سب سے بڑا ریکارڈ ہے ۔راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹرائی سیریز کے تیسرے میچ میں سری لنکا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کو دو وکٹوں سے شکست دے کر ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کا ایک بڑا کارنامہ سرانجام دے دیا۔
انگلینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 429 رنز کا مجموعہ سکور بورڈ پر سجایا، جس میں انگلش کپتان ہیری بروک نے 116 گیندوں پر 202 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی ،جو روٹ نے 69، ول جیکس نے ناٹ آؤٹ 66، ٹام بینٹن نے 50 رنز بنائے ، جواب میں سری لنکا کی طرف سے پون رتنائیکے نے 106 گیندوں پر 15 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 130 رنز کی باری کھیلی، اویشکا فرنینڈو اور ڈاسن شاناکا نے 97، 97 رنز بنائے جبکہ جینتھ لیانگے نے 61 رنز کی ناٹ آؤٹ ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا، جوش ٹونگ نے 3، سیم کرن نے 2، جیمی اوورٹن اور لیام داؤسن نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔پون رتنائیکے کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔یاد رہے کہ اس سے قبل راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں سب سے بڑا سکور 2023 میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف 337 رنز بنایا تھا۔ ٹرائی نیشن سیریز کا دوسرا مرحلہ25 سے 31 اکتوبر تک لاہور میں کھیلا جائے گا۔ سیریز کا فائنل31 اکتوبر کو شیڈول ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments