پریذیڈنٹ ٹرافی ،غنی گلاس کے دوسری اننگز میں 82 رنز
پریذیڈنٹ ٹرافی ،غنی گلاس کے دوسری اننگز میں 82 رنز عبید شاہ کی 5 وکٹیں ،کے آر ایل کی ٹیم دوسری اننگز میں 234 رنز پر آؤٹ
راولپنڈی(سپورٹس رپورٹر)پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کے ساتویں راؤنڈ کے تیسرے روز کے اختتام پر میچز انتہائی دلچسپ اور فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوگئے ہیں، جہاں ایل سی سی اے گراؤنڈ لاہور میں او جی ڈی سی ایل ٹیم نے اپنی پہلی اننگز 9 وکٹوں کے نقصان پر 410 رنز بنا کر ڈکلیئر کردی، جبکہ غنی گلاس کی جانب سے عبید شاہ نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 131 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں اور دن کے اختتام تک غنی گلاس نے اپنی دوسری اننگز میں 3 وکٹوں پر 82 رنز بنا لیے تھے ۔ ادھر شعیب اختر کرکٹ سٹیڈیم راولپنڈی میں کے آر ایل کی ٹیم دوسری اننگز میں 234 رنز پر آؤٹ ہوگئی،شہزاد گل نے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، اس طرح ایس این جی پی ایل کو جیت کے لیے 191 رنز کا ہدف ملا جس کے تعاقب میں اس نے دن کے اختتام تک 4 وکٹوں کے نقصان پر 87 رنز بنا لیے ہیں۔ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد میں پاکستان ٹیلی ویژن نے فالو آن کے بعد دوسری اننگز میں وقار حسین کے 171 اور تیمور خان کے 151 رنز کی بدولت مجموعی طور پر 394 رنز بنائے اب ایم آئی ٹی سلوشنز کو کامیابی کے لیے محض 47 رنز کا ہدف ملا ہے ۔ نیشنل گراؤنڈ اسلام آباد میں سٹیٹ بینک کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں علی شان کی ناقابلِ شکست سنچری اور کامران غلام کے 88 رنز کی بدولت 398 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، کنگز مین اکیڈمی نے اپنی دوسری اننگز میں 2 وکٹوں پر 166 رنز بنا لیے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments