سری لنکا میں 80برس بعد جڑواں ہاتھیوں کی پیدائش
اگرچہ جڑواں ہاتھیوں کی پیدائش ایک نایاب واقعہ ہے لیکن سری لنکا میں ایک ہتھنی نے دو بچوں کو جنم دیا ہے
کولمبو(نیٹ نیوز)پینا والا میں واقع ہاتھیوں کے سرکاری یتیم خانے میں 25 سالہ سورنگی نے چند گھنٹوں کے وقفے سے دو بچوں کو جنم دیا ہے ۔ دنیا میں آنکھ کھولنے کے چند گھنٹوں بعد ہی بچے اپنے پاؤں پر کھڑے ہوگئے جن کی ویڈیو تیزی سے وائرل ہورہی ہے ۔واضح رہے کہ ہاتھیوں کا یہ مرکز ایک طویل عرصے سے قائم ہے جسے پینا والا میں 1975 میں قائم کیا گیا تھا ۔ سری لنکا میں جنگلی حیات کے افسروں کے مطابق جڑواں ہاتھیوں کی پیدائش ایک نادرونایاب واقعہ ہے ۔ ان کے مطابق 80 برس بعد ہتھنی نے کسی جڑواں بچوں کو جنم دیا ہے ۔ تاہم یہ دونوں بچے نر ہیں۔دونوں بچے پانچ گھنٹے کے وقفے سے اس دنیا میں آئے ہیں ان کے والد کا نام پانڈو ہے جو خود ایک یتیم ہاتھی ہے ۔