238 بار ناکامی کے بعد بھارتی شہری پھر الیکشن کیلئے تیار

238 بار ناکامی کے بعد بھارتی شہری پھر الیکشن کیلئے تیار

ممبئی(نیٹ نیوز)بھارت میں ایک شخص ریکارڈ 238 بار ناکامی کے بعد بھی پھر الیکشن لڑنے کیلئے پر عزم ہے ۔ناکامی سے کبھی نہ گھبرانے اور نہ شرمانے والا فولادی اعصاب کا مالک یہ شخص 65 سالہ پدما راجن ہے جس کی میٹور میں ٹائر مرمت کرنے کی دکان ہے ۔۔

ساتھ ہی وہ ہومیوپیتھک ڈاکٹر ہے اور ایک مقامی میڈیا کے ایڈیٹر کے طور پر بھی کام کرتا ہے وہ 36 سالوں سے الیکشن لڑ رہا ہے اور اب تک 238 بار الیکشن کے میدان میں اتر چکا ہے اور ملک کے صدر کے انتخاب سے لے کر مقامی سطح پر ہونے والے الیکشن تک میں حصہ لیا ہے تاہم اب تک کسی ایک جگہ بھی کامیابی اس کا مقدر نہیں بن سکی ہے ۔ اپنے اسی جنون کے باعث وہ اپنے علاقے میں ‘الیکشن کنگ’ کے نام سے مشہور ہے ۔پدما راجن کہتا ہے کہ وہ اپنی آخری سانس تک الیکشن لڑتا رہے گا ،اگر میں جیت گیا تو حیران رہ جاؤں گا ،مجھے دل کا دورہ بھی پڑ جائے گا۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں