کبوتر 1لاکھ روپے مالیت کی سونے کی چین لے اُڑا
ممبئی (نیٹ نیوز)بھارتی ریاست راجستھان میں سونے کی مارکیٹ میں ایک کبوتر دکان سے تقریباً ایک لاکھ روپے مالیت کی سونے کی چین اُڑا لے گیا۔
ڈیگانا قصبے کی بلین مارکیٹ میں ایک جیولری شاپ کی بالائی منزل پر کاریگر سونے کے زیورات تیار کرنے میں مصروف تھے کہ اچانک ایک کبوتر کام کی جگہ میں داخل ہوا اور چند لمحوں میں نئی تیار کی گئی سونے کی چین چونچ میں دبا کر دکان سے باہر اڑ گیا، قیمتی زیور کو پرندے کے ساتھ اُڑتا دیکھ کر دکاندار اور عملہ حیران رہ گیا جبکہ مصروف بازار میں کچھ دیر کے لیے ہلچل مچ گئی۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ کبوتر مارکیٹ کی عمارت کی چھت پر جا بیٹھا اور کئی منٹ تک وہیں موجود رہا، اس دوران تاجر اور راہگیر بے چینی سے اس کی نقل و حرکت دیکھتے رہے ،بعد ازاں چین کبوتر کی چونچ سے پھسل کر چھت پر گر گئی۔