اسلام آباد بلدیاتی انتخابات تیاریاں :چیف کمشنر کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کمیٹی قائم
ٹاؤن کارپوریشنز کے حد بندی نوٹیفکیشنز، یو سی تعداد، مستند نقشے ، علاقوں کے نام فراہم کرناذمہ داریوں میں شامل کمیٹی آئی سی ٹی لوکل گورنمنٹ رولز 2015میں ضروری ترامیم کا مسودہ تیار کرنے کی بھی پابند ہوگی:الیکشن کمیشن
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)الیکشن کمیشن نے وزارت داخلہ کی درخواست پر اسلام آباد بلدیاتی انتخابات سے متعلق اہم فیصلہ کیا اور بلدیاتی انتخابات کے معاملات طے کرنے کے لیے کمیٹی قائم کر دی ہے ، اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے ۔ الیکشن کمیشن کے مطابق چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کمیٹی کے کنوینر ہوں گے جب کہ الیکشن کمیشن کے سپیشل سیکرٹری پالیسی ظفر اقبال حسین اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن کمیٹی ممبر ہیں، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل لوکل گورنمنٹ الیکشنز ندیم قاسم کو بھی کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے ۔ الیکشن کمیشن کے مطابق کمیٹی ٹاؤن کارپوریشنز کی حدبندی کے نوٹیفکیشن کو حتمی شکل دے گی ۔ ہر ٹاؤن کارپوریشن میں یونین کونسلز کی تعداد کے نوٹیفکیشن پر بھی غور کیا جائے گا۔ حدبندی کے مطابق مستند نقشے اور علاقوں کے ناموں کی فراہمی بھی کمیٹی کی ذمہ داری ہوگی۔ الیکشن کمیشن نے کہا کمیٹی آئی سی ٹی لوکل گورنمنٹ کنڈکٹ آف الیکشنز رولز 2015 میں ترامیم کا مسودہ تیار کرے گی ۔ آئی سی ٹی لوکل گورنمنٹ ترمیمی آرڈیننس 2026 کے مطابق ترامیم جلد تیار کی جائیں گی۔ اس مقصد کے لیے کمیٹی باقاعدگی سے اجلاس منعقد کر کے معاملات کو جلد مکمل کرے گی۔