ہیئر ایکسٹینشنز میں سرطانی کیمیکلز کی موجودگی کا انکشاف
میساچوسیٹس (نیٹ نیوز)بالوں کو گھنا اور پرکشش بنانے کے لیے استعمال ہونے والی ہیئر ایکسٹینشنز سے متعلق ایک چونکا دینے والی تحقیق سامنے آئی ہے ، جس میں ان مصنوعات میں صحت کیلئے نقصان دہ اور حتیٰ کہ سرطان سے منسلک کیمیکلز کی موجودگی کا انکشاف کیا گیا ہے ۔
امریکی ریاست میساچوسیٹس میں قائم سائلنٹ سپرنگ انسٹیٹیوٹ کے سائنسدانوں نے ان مصنوعات کے اندر کئی خطرناک کیمیکلز کی نشاندہی کی ہے یہ کیمیکلز ان ایکسٹینشنز میں بھی پائے گئے جو انسانی بالوں سے تیار کی جاتی ہیں۔تحقیق میں 43 مقبول مصنوعات کا تجزیہ کیا گیا۔ نتائج میں درجنوں مضر صحت مادوں کے آثار ملے جن میں فلیم ریٹارڈنٹس ،فیتھالیٹس، کیڑے مار ادویات، سٹائرین، ٹیٹرا کلورو ایتھین اور آرگینو ٹنز شامل ہیں۔ یہ کیمیکلز کینسر، ہارمونز میں بگاڑ، بچوں کی نشوونما کے مسائل اور مدافعتی نظام پر منفی اثرات سے منسلک پائے گئے ہیں۔