دودھ میں ملاوٹ کا پتا کیسے لگائیں،گھر بیٹھے آسان ٹیسٹ
لاہور(نیٹ نیوز)چند سادہ گھریلو طریقوں کی مدد سے یہ جاننا ممکن ہے کہ دودھ خالص ہے یا ملاوٹ شدہ۔اگر دودھ کا ذائقہ غیر معمولی محسوس ہو تو اس میں آدھا چمچ سویا بین یا دال کا پاؤڈر شامل کریں اور چند منٹ بعد سرخ لٹمس پیپر ڈالیں اگر پیپر نیلا ہوجائے تو دودھ میں یوریا شامل کیا گیا ہے ۔
دودھ اور پانی کو برابر مقدار میں ایک بوتل میں ڈال کر ہلائیں اگر جھاگ زیادہ بنے اور دیر تک قائم رہے تو اس میں ڈٹرجنٹ موجود ہے ۔ اگر چکنائی محسوس ہو تو اس میں چند قطرے ہائیڈرو کلورک ایسڈ اور ایک چمچ چینی شامل کریں چند منٹ بعد اگر رنگ سرخ ہوجائے تو اس کا مطلب ہے کہ دودھ میں ڈالڈا گھی ملایا گیا ہے ۔ گرم دودھ میں آیوڈین کے چند قطرے ڈالیں اگر رنگ نیلا ہوجائے تو اس میں آٹا یا سٹارچ شامل ہے ۔ ہموار سطح پر دودھ کا ایک قطرہ ڈالیں اگر آہستہ آہستہ بہے تو خالص ہے ، لیکن اگر فوراً بہنے لگے تو اس میں پانی شامل ہے ۔