ایک بہت عام عادت جو قبض کا شکار بنا دیتی ہے
نیویارک(نیٹ نیوز)کیا اکثر آپ کا معدہ مختلف مسائل کا شکار رہتا ہے ، خاص طور پر قبض؟ اگر ہاں تو ہوسکتا ہے کہ ایسا آپ کی ایک عام عادت کے باعث ہو رہا ہو۔جی ہاں رات گئے کھانے کی عادت آنتوں کے افعال کو متاثر کرتی ہے جس سے نظام ہاضمہ کی صحت پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
نیویارک میڈیکل کالج کی اس تحقیق میں 11 ہزار سے زائد افراد کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا۔ تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ جو افراد رات 9 بجے کے بعد دن بھر کی 25 فیصد سے زائد کیلوریز کو جزوبدن بناتے ہیں، ان میں قبض اور ہیضے سے متاثر ہونے کا خطرہ دیگر کے مقابلے میں 1.7 گنا زیادہ ہوتا ہے ۔بعد ازاں دریافت ہوا کہ جو افراد زیادہ تناؤ اور رات گئے کھانے کے عادی ہوتے ہیں۔، ان میں قبض یا نظام ہاضمہ کے دیگر مسائل کا خطرہ ڈھائی گنا زیادہ ہوتا ہے ۔